آج کی تاریخ

سندھ اور خیبر پختونخوا نے پنجاب میں سیلابی صورتحال پر مدد کی پیش کش کر دی

پنجاب کے دریاؤں اور آبادیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر سندھ اور خیبر پختونخوا نے مدد کی پیش کش کر دی ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہے اور پنجاب کو جو بھی مدد درکار ہو، سندھ حکومت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی آمد کے بعد اس سے نمٹنے کے لیے بھی حکومت تیار ہے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران میڈیا نے آگاہی مہم چلائی لیکن پنجاب میں ایسی کوئی مہم نظر نہیں آئی۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا حصہ ہے اور وہاں کی موجودہ تکلیف ہماری بھی تکلیف ہے، ہم امداد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا سیلاب پنجاب سے گزرتا ہے اور امید تھی کہ پنجاب حکومت اس آفت کے لیے تیار ہوگی، تاہم حکومت کی تیاری نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہماری حکومت اور اداروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ سیلاب کے دوران ملک سے باہر ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں