آج کی تاریخ

سموگ تعطیلات سے امتحان متاثر ، حکومت سکول بندنہ کرے، گرین انرجی کو فروغ دے:’’قوم ‘‘سروے

اوچ شریف (کرائم رپورٹر) سموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنابنیادی آئینی حق کے منافی ہے، تعطیلات سے تعلیمی اداروں میں مڈٹرم امتحانات کا شیڈول متاثر ہو گا، حکومت سکول بند کرنے کی بجائے گرین انرجی کو فروغ دے، ان خیالات کا اظہار شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات نے سموگ کی صورت حال اور تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے ایک سروے میں گفتگو کے دوران کیا۔ سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل احمد پور شرقیہ محمد حنیف انجم نے سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی وجہ سے تعلیمی نظام کی بندش بنیادی آئینی حق کے منافی ہے، انہوں نے کہا آئین کے آرٹیکل 25 (اے) کے تحت تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جسے معطل نہیں کیا جا سکتا، محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر و جناح لائبریری کے انچارج نعیم احمد ناز نے سروے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے سکولوں کو ایس او پیز اور گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اوچ شریف کے سابق ہیڈ ماسٹر محمد ایوب سعیدی نے کہا کہ سموگ اور آلودگی کے ذمہ دار دھواں چھوڑنے والی ٹرانسپورٹ، صنعتیں اور فوسل فیول ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت فیومیگیشن انڈسٹری اور یورو ٹو آئل پر ایک ماہ کی پابندی عائد کرے۔ بہاول پور ٹیچرز ایسوسی ایشن کے تحصیل صدر ماسٹر اللہ دتہ سعیدی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تعلیم کی فوری بندش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں سموگ کی صورت حال اتنی خراب نہیں ہے، لہذا فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، نجی سکولوں کی تنظیم کے رہنما زوار حسین بھٹہ نے سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پڑھائی کے لحاظ سے یہ وقت بچوں کے لیے بہت اہم ہے، انہوں نے کہا کہ تعطیلات سے تعلیمی اداروں میں مڈٹرم امتحانات کا شیڈول متاثر ہو گا جب کہ تعلیمی سیشن 100 دن سے بھی کم رہے گا، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سکولوں کو بند کرنے کی بجائے گرین انرجی کو فروغ دیا جائے، پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے رہنما محمد اکمل شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ صوبہ بھر میں تعلیمی نظام بند ہونے پر گھر سے آن لائن تعلیم صرف ایلیٹ کلاس کے 5 فیصد بچوں کو دستیاب ہے، انہوں نے کہا کہ ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر گرنے پر سکولوں کو بند کرنے کے بجائے حکومت لازمی ماسک لگانے اور اوقات کار کو محدود کرنے کے اقدامات کرے۔

اوچ شریف : دھند کے باعث تعلیمی ادارے بند کرانے پر حنیف انجم، نعیم احمد ناز، ایوب سعیدی ، اللہ ڈتہ سعیدی محمد اکمل شیخ ودیگر ایک سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے

شیئر کریں

:مزید خبریں