پی سی بی کی منظوری: سلمان آغا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کپتان

اسلام آباد: پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے قیادتی انداز نے کرکٹ حکام اور تھنک ٹینک کا اعتماد جیت لیا ہے، اور اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک کپتانی کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم کی مضبوط فائٹنگ اسپرٹ اور کھلاڑیوں کا یکجہتی سے کھیلنا حکام کو سب سے زیادہ متاثر کر رہا ہے، جو ماضی میں ٹیم کی کمزوری رہا کرتی تھی۔
دورہ سری لنکا کے لیے اسکواڈ میں شاداب خان کی واپسی متوقع ہے، جو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں۔ ان کی میچ فٹنس بگ بیش لیگ میں جانچی جائے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی قیادت اس وقت سلمان علی آغا کے پاس ہے، اور بعض حلقوں نے شاداب خان یا شاہین شاہ آفریدی کے کپتان بننے کے امکانات پر تبصرہ کیا تھا، تاہم پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی کہ سلمان علی آغا ہی میگا ایونٹ میں کپتان رہیں گے۔
تھنک ٹینک کے دیگر عہدیدار کے مطابق سلمان کی قیادت میں ٹیم نے وننگ ٹریک حاصل کر لیا ہے اور فائٹنگ اسپرٹ دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ کھلاڑی یکجا ہو کر فتح کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں، اس لیے کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں لگتی۔
یاد رہے کہ 2025 میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں 21 فتوحات کے ساتھ سب سے کامیاب فل ممبر ٹیم رہی ہے۔ سلمان علی آغا نے اپنے 40 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 38 بطور کپتان کھیلے ہیں، 24.85 کی اوسط سے 671 رنز بنائے اور 23 فتوحات حاصل کیں، جس سے وہ ملک کے تیسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔
حال ہی میں سلمان کی قیادت میں پاکستان نے سہ ملکی سیریز جیتی اور ایشیا کپ کے فائنل میں بھی جگہ بنائی۔ اگرچہ بطور بیٹر ان کی کارکردگی میں بہتری کی گنجائش ہے، تاہم سہ ملکی سیریز میں سری لنکا کے خلاف ان کا 63 رنز ناٹ آؤٹ اہم رہا۔
شاداب خان کی واپسی سری لنکا کیخلاف سیریز میں متوقع ہے، وہ جون میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز کے بعد میچز میں نہیں تھے۔ شاداب نے لندن میں کندھے کی سرجری کروائی تھی اور اب وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں، جبکہ ان کی میچ پریکٹس ابھی محدود ہے۔ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ شاداب کی فٹنس سے مطمئن ہیں اور بگ بیش لیگ کے دوران ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
آسٹریلوی ایونٹ 14 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے، منتخب پاکستانی کھلاڑی آئندہ ہفتے روانہ ہوں گے، جبکہ سری لنکا سیریز کے کھلاڑیوں کو واپس بلایا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں