نئی دہلی – بھارت کے معروف دفاعی تجزیہ کار سشانت سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ خارجہ پالیسیوں، جنگی حکمت عملی اور میڈیا کے رویے پر شدید تنقید کی ہے۔
سشانت سنگھ کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے بھارت کی پرانی سفارتی حکمت عملی کو پس پشت ڈال کر بین الاقوامی دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، جس سے نہ صرف ملکی پالیسی کو نقصان پہنچا بلکہ بھارت کی ساکھ بھی مجروح ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا کہ پاکستان کے ساتھ تنازعات کو عالمی پلیٹ فارمز پر نہ لے جایا جائے، لیکن وزیر اعظم مودی نے اس اصول کو توڑ کر امریکہ اور ٹرمپ کی خواہشات کو فوقیت دی، جو بھارت کے لیے ایک افسوسناک قدم تھا۔
سشانت سنگھ نے انکشاف کیا کہ مودی نے چین کو اصل خطرہ قرار دے کر پاکستان کو نظر انداز کرنے کی غلطی کی، مگر اب پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے ہیں جن میں تین رافیل بھی شامل ہیں، اور بھارت اس کا کوئی مؤثر جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گودی میڈیا نے سچائی چھپائی، گمراہ کن خبریں پھیلائیں، اور جو ادارے دیانت داری سے رپورٹنگ کر رہے تھے جیسے The Wire اور The Hindu، ان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی۔
سشانت سنگھ نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے سیٹلائٹ شواہد کے ذریعے بھارتی طیاروں کی تباہی کی تصدیق کی، مگر بھارت میں حقیقت بتانے والوں کو غدار جبکہ جھوٹ بولنے والوں کو محب وطن قرار دیا گیا۔
انہوں نے پاکستانی میڈیا کی رپورٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ صحافت اور درست معلومات کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر سراہا گیا، خاص طور پر جب رافیل طیارے مبینہ طور پر چین کی تکنیکی مدد سے گرائے گئے، جو خطے کے جیو اسٹریٹیجک توازن میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔
سشانت سنگھ نے بھارتی سوشل میڈیا پر جھوٹے پراپیگنڈے اور بے بنیاد دعووں کے فروغ پر بھی شدید تشویش ظاہر کی اور کچھ صحافیوں کے غیر ذمہ دارانہ کردار کو ملک کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
