سب رجسٹرار کینٹ کی پرائیویٹ پریکٹس ،کچہری میں منی رجسٹری برانچ ،شام کو بھی کمایاں

ملتان ( سپیشل رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ملتان اور اے ڈی سی آر آفس سے چند گز کے فاصلے پر سب رجسٹرار کینٹ کفایت اللہ بدنام ٹاؤٹ وثیقہ نویس مسرت عباس کے ساتھ مل کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں، سرکاری رجسٹری آفس بند ، ٹاؤٹ مافیا کے ٹھیکیدار کا آفس منی کینٹ رجسٹری برانچ بن گیا، رات کے اندھیرے میں شہریوں کے بیان لیکر سرکاری فیسیں خورد برد اور روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کی لوٹ مار کی جارہی ہے ۔ تفصیل کے مطابق سب رجسٹرار کینٹ کفایت اللہ اپنی تعیناتی کے چند ماہ بعد ہی ٹاؤٹ وثیقہ نویس مسرت عباس اور دیگر کے ساتھ مل کر کرپشن اور لوٹ مار کر کے اپنی جیبیں بھر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کینٹ رجسٹری آفس ایک پرائیویٹ جگہ پر منتقل کردیا گیا ہے اور چوک کچہری گلی نمبر تین وثیقہ مارکیٹ میں ایک دکان کے اندر منی رجسٹری آفس کھول کر 7 سے رات 11 بجے تک شہریوں کے بیان لیکر دھڑلے سے رجسٹریاں پاس کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرکاری لاگن بند ہے لیکن ٹاؤٹ مافیا شہریوں کے انگوٹھے لگوا کر ان کی رجسٹریاں پاس کررہا ہے جوکہ سسٹم پر سوالیہ نشان ہے ، بتایا گیا ہے کہ سب رجسٹرار کینٹ کفایت اللہ کی آشیر واد سے ان کے ٹاؤٹ سرکاری فیسیں خورد برد اور انڈر ویلیو رجسٹریاں پاس کررہے ہیں جس کے باعث سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سب رجسٹرار کینٹ کفایت اللہ کو پرائیویٹ وثیقہ نویس مسرت عباس نے لاکھوں روپے رشوت کے عوض تعینات کروایا ہے اس لئے سب رجسٹرار ان کے ناجائز کاموں میں حصہ دار بن کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر کا آفس وثیقہ مارکیٹ سے صرف چند گز کے فاصلے پر واقع ہے لیکن سب رجسٹرار کے پرائیویٹ ٹاؤٹ اور بدنام وثیقہ نویس مسرت عباس دھڑلے سے لوٹ مار کررہے ہیں مگر ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں