ساہیوال: دریائے راوی میں آنے والے شدید سیلاب نے ساہیوال کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث ضلع بھر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
تیز بہاؤ والے پانی نے متعدد گھروں اور بستیوں کو متاثر کیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
موضع اکبر شاہ میں ایک گھر کی چھت پر پھنسے تین افراد، جن میں دو خواتین شامل تھیں، کو رشتہ داروں کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی نگرانی میں ریسکیو 1122 اور پاک فوج کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہا اور اہلکاروں کو شاباش دی۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے 74 اسکول مزید 7 دن بند رہیں گے۔ ان اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق باقی متاثرہ اسکول یکم ستمبر سے کھل جائیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
ساہیوال کے کئی علاقے اس وقت بدترین سیلابی صورتحال سے دوچار ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور پاک فوج مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
