تازہ ترین

سانحہ گل پلازہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا وزیراعلیٰ سندھ کو تعزیتی خط، یکجہتی کا اظہار

پشاور: سانحہ گل پلازہ پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ سندھ کو تعزیتی خط ارسال کرتے ہوئے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تعزیتی خط میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گل پلازہ میں پیش آنے والی آتشزدگی کو ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعا کا اظہار بھی کیا۔
سہیل آفریدی نے سندھ حکومت سے مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے خط میں لکھا کہ کسی ایک صوبے کا دکھ درحقیقت پوری قوم کا دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں سندھ حکومت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ اس اندوہناک سانحے میں متاثر ہونے والے خاندانوں کے غم میں وہ برابر کے شریک ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں