رواں سال کرائم میں ملتان سرفہرست رہا، رپورٹ نہ ہونے والا سٹریٹ کرائم رپورٹ شدہ کرائم سے کئی گنا زیادہ،بعض شہری تودو سے تین بار لٹے
شہر اولیا میں چوری کی 6ہزار325 وارداتیں، وہاڑی میں 1707 ، خانیوال میں 1716 اور لودھراں میں 823 چوری کے واقعات پیش آئے
ضلع کا کرائم 52000 سے تجاوز کرگیا، 133 افرادقتل، 67 خواتین کی عصمت دری،تھانہ سیتل ماڑی جرائم میں ’’اول نمبر‘‘،پولیس کی سب اچھا کی رپورٹ
ملتان( شعیب افتخار سے) جنوبی پنجاب میں 2023 ڈاکوئوں کا سال رہا ۔ شہری دن رات لٹنے رہے۔ جتنے ناکے بڑھے اتنے میں ڈاکے بڑھتے گئے۔ رپورٹ نہ ہونے والا سٹریٹ کرائم رپورٹ شدہ کرائم سے کئی گنا زیادہ ، بعض شہری تو رواں سال میں دو سے تین بار بھی لٹ چکے ہیں۔ رات ہوتے ہی جنوبی پنجاب بھر کے نسبتا ویران علاقوں اور سٹریٹ لائٹس کی سہولت نہ ہونے والی جگہوں میں ڈاکو راج رہا اور پولیس کرائم کنٹرول کے حوالے سے اپنی بنیادی ذمہ داری بھی پوری نہ کرسکی، پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے گیارہ ماہ میں رپورٹ ہونے والے کرائم میں ملتان سرفہرست رہا جہاں چوری کی 6ہزار325 وارداتیں ہوئیں جبکہ وہاڑی میں چوری کی 1707 وارداتیں ، خانیوال جو کہ وہاڑی سے نسبتاً چھوٹا ضلع ہے میں 1716 وارداتیں اور لودھراں میں چوری کی 823 وارداتیں ہوئیں، کار چوری کے حوالے سے گزشتہ 11ماہ میں ملتان سے 83 گاڑیاں چوری ہوئیں ، وہاڑی میں 14، خانیوال میں 28 اور لودھراں میں مبینہ طورپر 9 گاڑیاں چور اڑا لے گئے، جبکہ کار ڈکیتی کے حوالے سے بھی ملتان سرفہرست رہا۔ جہاں دوران ڈکیتی 8 گاڑیاں چھینی گئیں۔ وہاڑی سے ایک ، خانیوال سے پانچ جبکہ لودھراں سے کوئی گاڑی نہیں چھین گئی ملتان میں کار، موٹر سائیکل و دیگر کی چوری و ڈکیتی کی کل 8204 وارداتیں رپورٹ کی گئی ہیں جبکہ رپورٹ نہ ہونے والی وارداتیں اس سے گناہ زیادہ ہیں ملتان میں موٹر سائیکل چوری کی 6325 کار چوری کی 83 اور دیگر وہیکلز چوری کی 202وارداتیں ہوئیں جبکہ دوران ڈکیتی اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے کی 1544 وارداتیں ہوئں جبکہ کار ڈکیتی کی 8 اور دیگر وہیکلز کی 42 وارداتیں رونما ہوئیں، جبکہ ملتان ضلع کا کرائم 52000 سے تجاوز کرگیا ہے سال 2023 میں 133 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا،اسی طرح اندھے قتل کی 33 وارداتیں ہوئیں جبکہ دوران ڈکیتی فائرنگ سے درجنوں شہری زخمی ہوگئے، 67 خواتین کی عصمت دری کے واقعات رپورٹ ہوئے، 33 خواتین زیادتی کا شکار ہوئیں، رواں برس پولیس سے مایوس ہوکر شہریوں نے اپنی عدالت لگاتے ہوئے 4 ڈاکو کو سزائے موت سنادی، ضلع ملتان میں سیتل ماڑی تھانہ کرائم کے حوالے سے سب تھانوں میں سبقت لے گیا، جہاں مقدمات کی تعداد چھ ہزار کے قریب جاپہنچی، جبکہ ملتان پولیس آئی جی پنجاب کی پالیسی کے تحت ٹک ٹاک ویڈیو بناکر سوشل میڈیا کےذریعے سب اچھے کی رپورٹ پیش کرنے میں پیش پیش ہے۔







