سابق ڈی ایس ریلوے پر کرپشن الزامات، تجاوزات مافیا کو چھوٹ، انتظامی ساکھ متاثر

بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان ریلوے میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ملتان محمد افتخار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ سینئر افسر محمد حنیف گل کو ڈی ایس ریلوے ملتان تعینات کر دیا گیا ہے۔محمد افتخار کی بطور ڈی ایس ملتان تعیناتی تقریباً چھ ماہ پر محیط رہی، تاہم ان کا دور متعدد انتظامی کمزوریوں اور کرپشن کی شکایات کے باعث تنقید کی زد میں رہا۔ ذرائع کے مطابق ان کے دور میں ریلوے اراضی پر تجاوزات، بالخصوص لودھراں۔پاکپتن سیکشن میں، بڑھتی رہیں جبکہ انتظامی کنٹرول کمزور دکھائی دیا۔ اسی عرصے کے دوران مختلف کرپشن کیسز، افسران کی اچانک تبدیلیوں اور مبینہ بدانتظامی کے معاملات بھی سامنے آتے رہے، جو اخبارات کی زینت بنتے رہے۔ان کی تبدیلی سے چند روز قبل ہی ان کے زیرِ نگرانی کام کرنے والے تین ڈویژنل افسران ریحان صابر، حاجی محمد وغیرہ کو کرپشن اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر راتوں رات تبدیل کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں ڈویژن کی مجموعی کارکردگی متاثر رہی اور کوئی نمایاں ترقیاتی یا اصلاحی اقدام دیکھنے میں نہ آ سکا۔ ٹریڈ یونین کے ساتھ اختلافات نے بھی انتظامی معاملات کو پیچیدہ بنائے رکھا۔رپورٹس کے مطابق محمد افتخار کے دور میں ریلوے زمینوں پر ناجائز قبضوں کی بھرمار رہی، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ کچھ غیر قانونی امور اعلیٰ سطحی روابط کے باعث ان کی توجہ سے اوجھل رہے۔ مبصرین کے مطابق ایک سینئر عہدے پر فائز ہونے کے باوجود وہ ڈویژن کو درپیش مسائل پر مؤثر کنٹرول حاصل نہ کر سکے۔دوسری جانب نئے تعینات ڈی ایس ملتان محمد حنیف گل کا شمار ٹریفک اور کمرشل شعبے کے تجربہ کار اور سینئر افسران میں ہوتا ہے۔ وہ اس سے قبل لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں بطور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ ریلوے ہیڈکوارٹر میں چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ (سیفٹی) کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور ملتان ڈویژن میں بطور ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ریلوے حلقوں کا کہنا ہے کہ محمد حنیف گل کی تقرری سے ملتان ڈویژن میں انتظامی بہتری، شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ متوقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نئی قیادت کس حد تک درپیش مسائل پر قابو پانے اور ڈویژن کی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہو پاتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں