آج کی تاریخ

ملتان: چیئرمین ٹرانسپورٹ آفیسر مجاہد حسین کو کرسی سے اٹھاتے ، حملے اور ہاتھا پائی کے مناظر

زکریا یونیورسٹی ایمپلائز یونین کی مبینہ غنڈہ گردی نئے ٹرانسپورٹ آفیسر پر حملہ دھکے اور مکے

ملتان ( جاوید اقبال عنبر سے ) بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں وائس چانسلر کی رٹ چیلنج ، گیلانی خاندان کی سیاسی چھتری ملتے ہی ایمپلائز یونین غنڈہ گردی پر اتر آئی، وی سی کی طرف سے تعینات کئے جانے والے نئے ٹرانسپورٹ آفیسر مجاہد حسین پر صدر ایمپلائز یونین حر غوری اور ڈرائیورز کا حملہ، گریبان سے پکڑ کھینچا تانی، دھکے اور مکے جڑ دیے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کی انتظامی گرفت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ سیاسی مداخلت ختم کرنے کے دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں 15 نومبر کو ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن زکریا یونیورسٹی کے صدر محمد حر غوری کی قیادت میں یونیورسٹی ٹرانسپورٹ سسٹم کے ڈرائیورز اور کنڈکٹرز نے ٹرانسپورٹ آفیسر مجاہد حسین کے آفس پر ہلہ بول دیا اس دوران صدر ایمپلائز یونین محمد حر غوری نے ٹرانسپورٹ آفیسر کو گریبان سے پکڑ کر کرسی سے کھینچ لیا اور دھکے دئیے۔ بتایا گیا کہ مجاہد حسین کو مکے مارے اور گالیاں دی گئیں۔ روزنامہ” قوم” کو موصول ہونے والی فوٹیجز میں بھی حر غوری کی جانب سے ٹرانسپورٹ آفسیر مجاہد حسین کو گریبان سے کھینچ کر سیٹ سے اٹھاتے اور دھکے دیتے ہوئے انتہائی غصے کے عالم میں دیکھا جا سکتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس دوران سکیورٹی ڈالے کے ڈرائیور سجاد کالرو نے پستول نکال کر مجاہد حسین کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود سیکورٹی آفیسر مرید ہانسلہ نے ایک اچھے ڈرامہ ڈائریکٹر ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ڈرائیور سجاد کالرو کے سامنے آ کر پستول واپس شلوار کے نیفے میں رکھوا دیا جبکہ چھ، سات ڈرائیورز گالیاں و دھمکیاں دیتے ہوئے آفس میں دنگا فساد کرنے کی کوشش کرتے رہے، ذرائع کے مطابق دفتر میں سوائے مجاہد حسین کے سب افراد کا تعلق حر غوری گروپ سے تھا ۔ذرائع کے مطابق گیلانی خاندان کے حمایت یافتہ سابق ٹرانسپورٹ آفیسر نواز بچہ کی دوبارہ تقرری کے لیے ایمپلائز یونین اور ڈرائیورز ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ مجاہد حسین کو ناکام کیا جائے کیونکہ وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری نے نواز بچہ کو ہٹا کر مجاہد حسین کو ٹرانسپورٹ آفیسر تعینات کیا تھا اور اب ایمپلائز یونین و ڈرائیورز وائس چانسلر کی اتھارٹی کو چیلنج کرتے نظر آرہے ہیں۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ آفیسر مجاہد حسین نے روزنامہ “قوم” کو اپنے مؤقف میں بتایا کہ حر غوری نے ڈرائیورز کیساتھ آکر ان کے ساتھ سخت بدتمیزی کی، اس حوالے سے وہ آج وائس چانسلر کو باقاعدہ کارروائی کے لیے درخواست دیں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر یونیورسٹی میں ڈیزل چوری روکنے کی کوشش کررہا ہوں ، لاگ بگ ،میٹرز اور ٹریکر چالو کروا دیئےہیں، جبکہ ڈیزل پرچی کی باقاعدہ ویڈیو بنوائی جارہی ہیں ،چیک اینڈ بیلنس بڑھایا ہے کہ ڈیزل کہاں استعمال ہورہا ہے ، مجاہد حسین کا کہنا ہے کہ پہلے ڈرائیور روزانہ سات ،آٹھ ہزار روپے کی دیہاڑیاں لگا رہے تھے اب ایسا نہیں ہورہا اس لئے میری مخالفت کی جارہی ہے۔ صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد حر غوری نے اپنے مؤقف میں بتایا کہ ٹرانسپورٹ آفیسر نے نئے نئے قانون لاگو کئے ہوئے ہیں، ڈرائیورز کی چھٹیوں اور اوور ٹائم کا ایشو چل رہا ہے اس لیے میں ڈرائیورز کے کال کرنے پر وہاں گیا لیکن ٹرانسپورٹ آفیسر نے مجھ سے بدتمیزی کی ۔ اس موقع پر کریم شاہ ، خادم حسین لدھیانہ ، فوجی اصغر اور اکرم وغیرہ بھی موجود تھے اور ڈرائیور نے روٹ روکا ہوا تھا جو میں نے جاکر چلوادیا کیونکہ چیئرمین ناظم حسین لابر نے مجھے روٹ چلوانے کا کہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ آفیسر نااہل ہے اسے رجسٹرار کی آشیر باد حاصل ہے ، آج ہم بھی اپنا موقف وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری ، رجسٹرار ڈاکٹر علیم خان اور چیئرمین ٹرانسپورٹ ڈاکٹر ناظم حسین لابر کے سامنے پیش کریں گے ۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نواز بچہ نے وائس چانسلر کی جانب سے ذمہ داری سے ہٹائے جانے پر تالہ بندی کرائی تھی جسے وی سی ڈاکٹر زبیر اقبال نے خود آکر کھلوایا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز بچہ چونکہ گیلانی خاندان کے سپورٹرز ہیں اس لئے حر غوری کو یونین کے بل بوتے پر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری پر بھرپور دباؤ ڈالنے کی ہلہ شیری دی گئی ہے، اب یہ وائس چانسلر کی مینجمنٹ پر ایک سوالیہ نشان ہے کہ وائس چانسلر ایمپلائز یونین کے صدر حر غوری کا مقابلہ کر پاتے ہیں یا سیاسی مداخلت کے سامنے سرنگوں ہو کر باقی ٹائم پاس کرتے ہیں۔

ملتان: چیئرمین ٹرانسپورٹ آفیسر مجاہد حسین کو کرسی سے اٹھاتے ، حملے اور ہاتھا پائی کے مناظر

شیئر کریں

:مزید خبریں