ملتان (خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی ملتان میں لاء طلبہ کے متوقع احتجاج نے انتظامیہ کو فوری فیصلہ لینے پر مجبور کر دیا ۔یونیورسٹی انتظامیہ نے ایل ایل بی پانچ سالہ پروگرام کے مختلف حصوں کے سالانہ امتحانات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایل ایل بی (5 سالہ پروگرام) پارٹ اوّل اور دوم کے سالانہ امتحانات 2022 جبکہ پارٹ سوم، چہارم اور پنجم کے سالانہ امتحانات 2023 جو 9 فروری 2026 سے شروع ہونے تھے فوری طور پر تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ لاء طلبہ کی جانب سے امتحانات میں شرکت سے روکنے، رول نمبر سلپس اور دیگر انتظامی معاملات پر شدید تحفظات اور احتجاج کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ طلبہ تنظیموں اور لا سٹوڈنٹس کمیشن کی جانب سے پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا جس کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ کو صورتحال کے بگڑنے کا خدشہ لاحق تھا۔لاء طلبہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انتظامی نااہلی اور بروقت فیصلوں کے فقدان کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔ امتحانات کے التواء کو طلبہ حلقوں میں احتجاجی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم طلبہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک بنیادی مسائل حل نہیں کیے جاتے، احتجاج کا حق برقرار رہے گا نئی امتحانی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب اس معاملے میں ایک اہم عدالتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 12 فروری 2026 کو وفاقی آئینی عدالت میں کیس باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ درخواست نمبر 3480/2022 کے تحت زیر سماعت ہے، جس میں پاکستان بار کونسل، ایف آئی اے کی رپورٹس اور سپریم کورٹ کی سابقہ 12 عدالتی کارروائیوں کا حوالہ شامل ہے۔درخواست گزاروں کے مطابق عدالت میں زیر بحث معاملہ صرف اور صرف پارٹ اوّل سپلیمنٹری امتحان 2019 (منعقدہ جون 2022) کے بقایا 3947 لاء طلبہ کے نتائج سے متعلق ہے، جو تاحال جاری نہیں کیے جا سکے۔






