کیا آپ جانتے ہیں کہ زمین پر بیٹھ کر بازوؤں، ہاتھوں یا گھٹنوں کی مدد کے بغیر واپس کھڑے ہونا، آپ کی ممکنہ عمر کے بارے میں اہم اشارہ دے سکتا ہے؟ جی ہاں! ماہرینِ صحت نے ایک حیران کن ٹیسٹ کی نشاندہی کی ہے جس کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کتنی دیر تک صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔
یہ سادہ مگر اہم “سیٹ اینڈ رائز” ٹیسٹ، جسے بیٹھنے سے اُٹھنے اور اُٹھنے سے بیٹھنے کا ٹیسٹ کہا جاتا ہے، آپ کی جسمانی لچک، توازن اور پٹھوں کی مضبوطی کو جانچتا ہے۔ اس میں دیکھا جاتا ہے کہ کوئی شخص بغیر کسی سہارا لیے زمین پر بیٹھ سکتا ہے اور پھر خود سے کھڑا ہو سکتا ہے یا نہیں۔ یہ ٹیسٹ ایک عام انسان کی جسمانی فٹنس اور متوقع عمر کے بارے میں حیرت انگیز طور پر درست نتائج دے سکتا ہے۔
یہ تحقیق برازیل کی “ایکسسرسائز میڈیسن کلینک” کے ماہرین نے کی، جس کے دوران 4,282 مرد و خواتین، جن کی عمریں 46 سے 75 سال کے درمیان تھیں، کا مشاہدہ کیا گیا۔ تمام افراد کی مکمل صحت جانچنے کے بعد انہیں یہ سادہ سا ٹیسٹ دیا گیا۔
ٹیسٹ میں 10 پوائنٹس کا اسکیل استعمال کیا گیا، جس میں ہر غلطی پر ایک پوائنٹ کم کیا گیا۔ جن افراد نے اس ٹیسٹ میں مکمل اسکور (10/10) حاصل کیا، وہ 12 سال بعد بھی صحت مند اور زندہ تھے، جبکہ وہ افراد جن کا اسکور 0 یا انتہائی کم تھا، جلد طبی پیچیدگیوں کا شکار ہوکر دنیا سے رخصت ہوگئے۔
یہ تحقیق یورپی جرنل آف پریونٹیو کارڈیالوجی میں شائع ہوئی، اور ماہرین نے اسے “نان ایروبک فٹنس” کا آسان پیمانہ قرار دیا، جو کہ دل، پٹھوں اور اعصابی نظام کی کارکردگی کا عندیہ بھی دیتا ہے۔ محققین کے مطابق یہ ٹیسٹ اس لیے مؤثر ہے کہ یہ ان پوشیدہ جسمانی کمزوریوں کو بھی ظاہر کرتا ہے جو بظاہر نظر نہیں آتیں۔
اگر آپ بھی اپنی صحت کا جائزہ لینا چاہتے ہیں تو آپ گھر میں یہ ٹیسٹ آزما سکتے ہیں۔ زمین پر بیٹھیں اور پھر کوشش کریں کہ بغیر ہاتھوں یا گھٹنوں کا سہارا لیے کھڑے ہو جائیں۔ اگر آپ ایسا باآسانی کر سکتے ہیں تو یہ آپ کے بہتر جسمانی توازن اور صحت کی علامت ہے۔
