زرعی یونیورسٹی بورے والا اسکینڈل:جنسی ہراسانی پر معطل پروفیسر گرفتار، مقدمہ درج

بورے والا: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے بورے والا کیمپس میں سامنے آنے والے جنسی ہراسانی اسکینڈل پر ڈی پی او وہاڑی محمد افضل نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہراسانی میں ملوث پروفیسر یحییٰ خان کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف سب انسپکٹر دلشاد کی مدعیت میں تھانہ شیخ فاضل میں کیس قائم ہوا، جس میں مجموعی طور پر پانچ دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں دفعات 509، 292، 293، 294 اور 354 شامل ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب چند روز قبل پروفیسر کی جانب سے طالبہ کو مبینہ طور پر نازیبا اشارے اور جنسی ہراسانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
اس واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے بتایا کہ طالبہ نے 31 اکتوبر کو تحریری شکایت جمع کروائی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پروفیسر یحییٰ کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان کا کیمپس میں داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حراسمنٹ کمیٹی معاملے کی انکوائری کر رہی ہے اور تاحال حتمی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
خیال رہے کہ وائرل ویڈیو میں پروفیسر یحییٰ خان کو طالبہ سے نازیبا گفتگو کرتے سنا گیا تھا، جہاں وہ پیپرز میں اضافی نمبر دینے کے بدلے نامناسب مطالبات کر رہے تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں