زرعی یونیورسٹی:وی سی کااختیارات سےتجاوز،سیکرٹری زراعت کانوٹس،بڑےفیصلوں سے روک دیا

صرف روزمرہ امور پر توجہ دیں ،کسی بھی بڑی حکمت عملی ،پالیسی،مالیاتی فیصلے اور سابق ریگولروی سیزکےفیصلوں کو تبدیل نہ کرنےکاانتباہ

قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹراشتیاق رجوانہ نے مستقل وی سی میرٹ سے آئوٹ ہونے کا غصہ غریب طلبا و طالبات پر نکا لا،داخلے روک دیئے، سال ضائع

ڈاکٹراشتیاق رجوانہ کی سنڈیکیٹ ہدایات کے باوجود غیر قانونی بھرتیاں کرنے کی کوشش،اختیارات حدود میں رہنے کا مشورہ دینے والوں پر ناراض

پرو وائس چانسلررہائشگاہ کی تعمیر کیلئے کیٹیگری اے کے مطابق 3750 مربع فٹ رقبہ پر دو کروڑ 70 لاکھ کی گرانٹ جاری کرنے کی کوشش،ساراپراسس سرکلرسےکیا

میرٹ پسنداورفوری فیصلوں کیلئےمشہور سیکرٹری زراعت افتخاراحمدسہو کا’’ قوم‘‘ کی خبروں پر ایکشن ، اختیارات سے تجاوزپراشتیاق رجوانہ کوتمام اقدامات سے روک دیا

ملتان( سٹاف رپورٹر) میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں غیر قانونی اقدامات کی کوششوں اور قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ کی طرف سے اختیارات کے تجاوز کے حوالے سے شائع شدہ خبروں پر صوبائی سیکرٹری زراعت افتخار احمد سہوکی جانب سے 10 جون کو ایک خط کے ذریعے وائس چانسلر کو ہر قسم کے اقدامات سے روک دیا گیاہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب کی طرف سے جاری ہونے والے لیٹر نمبر No.so(Rte)8-1/2020-VCکے تحت قائم مقام وائس چانسلر کو یہ تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ صرف روزمرہ کے امور پر توجہ دیں گے اور کسی بھی بڑی حکمت عملی /پالیسی/مالیاتی فیصلے اور ایسے فیصلے جوکہ گزشتہ ریگولر وائس چانسلرز کرکے گئے ہوں انہیں تبدیل کرنے سے سختی سے گریز کریں گے۔یاد رہے کہ روزنامہ قوم ملتان نے 6جون 2024ء کو خبرشائع کی تھی کہ زرعی یونیورسٹی ملتان کے قائم مقام وائس چانسلر نے مستقل وائس چانسلربننے کیلئےمیرٹ سے آئوٹ ہونے کا غصہ غریب طلبا و طالبات پر نکالتے ہوئے ان کے داخلے روک دیئے جس سے بہت سے طلبہ کا قیمتی سال ضائع ہوگیا حالانکہ یہ تمام طلبہ امتحان میں شامل ہونے سے پہلے اپنی فیس ادا کرنا چاہتے تھے مگر تاریخ گزرنے کی وجہ سے وائس چانسلر نے اجازت نہ دی۔ اسی طرح 10 جون کو روزنامہ’’ قوم ‘‘نے خبر شائع کی تھی کہ قائم مقام وائس چانسلر میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی نے سنڈیکیٹ کی ہدایات کے باوجود ایکٹ کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے بھرتیاں کرنے کی کوشش کی اور اختیارات کی حدود میں رہنے کا مشورہ دینے والوں پر ناراضگی کا اظہار کیا اورپرو وائس چانسلر کی سرکاری رہائشگاہ کی تعمیر کے لئے کیٹیگری اے کے مطابق 3750 مربع فٹ رقبہ پر دو کروڑ 70 لاکھ کی گرانٹ جاری کرنے کی کوشش کی تھی اور یہ سارا پراسس سنڈیکیٹ کی میٹنگ ہوئے بغیر سرکلر کے ذریعے کیا جارہا تھا جسے سیکرٹری زراعت کی طرف سے روزنامہ قوم کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر روک دیا گیا ۔ افتخار علی سہو کے بارے میں یہ بات زبان زد عام ہے کہ وہ بہت میرٹ پسند اور فوری فیصلے کرنے والے ہیں۔
وی سی کااختیارات سےتجاوز

شیئر کریں

:مزید خبریں