صدر زرداری کے استعفے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، شازیہ مری کا ردعمل
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام افواہیں من گھڑت، جھوٹ اور پروپیگنڈا پر مبنی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اور صدر زرداری نے ہمیشہ مشکلات کا مقابلہ کیا ہے، کبھی میدان چھوڑنے کی روایت نہیں اپنائی۔ تاریخ گواہ ہے کہ آصف علی زرداری نے آمریت، جیل اور دباؤ کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا اور پیچھے نہیں ہٹے۔
شازیہ مری نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ پیپلز پارٹی کے خوشگوار تعلقات قائم ہیں، جبکہ آئینی لحاظ سے صدر کے عہدے سے سبکدوشی کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، لہٰذا استعفیٰ سے متعلق قیاس آرائیوں کی کوئی بنیاد نہیں بنتی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری وہ واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنے صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے اور ملک میں آئینی بالادستی کو فروغ دیا۔ ان کی سیاسی حکمت عملی کے نتیجے میں صوبوں کو خودمختاری حاصل ہوئی، اور جب ملک بحرانی کیفیت میں تھا تو انہی کی آواز تھی جو “پاکستان کھپے” کے نعرے سے قومی وحدت کی علامت بنی۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری پاکستان کے پہلے سویلین صدر ہوں گے جو اپنی دونوں آئینی مدتیں مکمل کریں گے، اور یہ ان کی جمہوری جدوجہد کا ثبوت ہے۔
