راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کارکنان کو پیغام دیا ہے کہ وہ ہر قسم کی قربانی کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں، کیونکہ معاشرے ایٹمی ہتھیاروں سے نہیں بلکہ انصاف اور اخلاقیات کے خاتمے سے تباہ ہوتے ہیں۔
زرتاج گل نے کہا کہ ہمیں عدالت کے ذریعے بانی تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت ملی، انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ قربانی سے نہ گھبرائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار ختم ہوچکی ہیں، انصاف کا نام و نشان نہیں رہا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو محض انتقامی کارروائی کے تحت جیل میں قید رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کو تالا لگا کر ان سے کسی کو ملنے نہیں دیا جا رہا، حالانکہ وہ ایک غیر سیاسی خاتون ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہر حد پار کر دی ہے، نواز شریف پاناما کیس میں تھے لیکن ان کی اہلیہ کو کوئی تکلیف نہیں دی گئی، بشریٰ بی بی کو بھی انسانی بنیادوں پر رہائی دی جائے اور انہیں عید سے پہلے رہا کیا جائے۔
زرتاج گل نے مزید کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، صنم جاوید اور سینیٹر مشتاق کی اہلیہ سمیت دیگر خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فارم 47 کی پیداوار حکومت خواتین کی سب سے بڑی دشمن بن چکی ہے۔
