ملتان(واثق رؤف)شعبہ بہبود فنڈز کی نااہلی یا کچھ اور، ریلوے ملتان ڈویژن کی ساڑھے تین ہزار سے زائد بیوگان میں عید سے قبل بہبود فنڈز کے 3کروڑ روپے تقسیم نہیں ہوسکے۔گزشتہ روز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس میں بیوگان اور بہبود فنڈز کی تقسیم کے لئے چیک تیار کرنے والی خاتون اور مرد کلرک کے درمیان تلخ و تند ماحول پیدا ہوگیا۔بیوگان نے شدید احتجاج کیا بیوگان کا کہنا تھا کہ من پسند اور تعلق دار بیوگان کو نو میرج سرٹیفکیٹ حاصل کئے بغیر بہبود فنڈ کی رقم عید سے قبل ان کے گھروں تک پہنچا دی گئی ہے جبکہ ہم ڈی ایس آفس میں خوار ہو رہی ہیں۔ کوئی شنوائی نہیں ،چھوٹا عملہ ڈی ایس ریلوے کو بھی ملنے نہیں دیتا۔رقم بٹورنے کے لئے بہبود فنڈ کی تقسیم میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔گزشتہ روز کے ہنگامہ کے دوران ہیڈ بہبود فنڈ اپنی سیٹ پر ہی موجود نہیں تھے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹر ہر تین یا چھ ماہ کے بعد ریلوے بیوگان کے لئے بہبود فنڈ کی رقم جاری کرتا ہے۔رواں ماہ تین مارچ کو تقریباً6ماہ کے بعد ریلوے ملتان ڈویژن کلاس تھری اور فور کے ملازمین کی ساڑھے تین ہزار سے زائد بیوگان کے لئےریلوے ہیڈ کوارٹر نے تین کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے تھے تاکہ بیوگان عید بہتر انداز میں گزار سکیں اس سلسلہ میں ڈویژنل انتظامیہ ملتان کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ عید سے قبل فنڈ کی رقم کو بیوگان میں تقسیم کے عمل کو یقینی بنایا جائے بتایا جاتا ہے کہ من پسند اور اثر رسوخ والی بیوگان کو عید سے قبل ان کی رقوم کے چیک ان کے گھر پہنچا دئیے گئے جبکہ اس عمل کے دوران ان سے دوسری شادی نہ کئے جانے سے متعلق سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہ کیا گیا۔بیوگان کی ایک بڑی تعداد جو کسی نوعیت کی سیاسی یا محکمانہ سفارش کی حامل نہیں تھی عید گزر جانے کے بعد بھی بہبود فنڈ کے چیک سے محروم اور ڈی ایس آفس کے چکر کھانے پر مجبور ہیں انہیں مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق بیشتر بیوگان جنھوں نے دوسری شادی نہ کرنے کے سرٹیفکیٹ جمع کروائے کلریکل عملہ کی طرف سے ان کے سرٹیفکیٹ گم کر دئیے گئے ہیں انہیں یہ کہہ کر کہ تم نے سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروائے نئے سرٹیفکیٹ جمع کروانے کا کہا جارہا ہے۔گزشتہ روز بھی جب ایک درجن کے قریب بیوگان اپنی رقم کے چیک کے حصول کے لئے ویلفیئر برانچ کی خاتون اور مرد کلرک کے پاس پہنچیں تو انہیں مختلف نوعیت کے اعتراضات کا سامنا کرنا پڑا جس پر بیوگان مشتعل ہوگئیں۔پرسنل برانچ میں شور و غل کی آوازیں سن کر دیگر کلریکل سٹاف بھی اکٹھا ہوگیا اس موقع پر بیوگان کا کہنا تھا کہ ہیڈ ویلفیئر موجود نہیں جبکہ کلریکل سٹاف انہیں ذلیل کر رہا ہے ڈی ایس ملتان تک بیوگان کو جانے نہیں دیا جاتا ہم اپنی فریاد کس کو پیش کریں عید سے پہلے تقسیم ہونے والے فنڈ تاحال تقسیم نہیں ہوئے تاخیری حربے اور غیر ضروری اعتراضات اس لئے لگائے جارہے ہیں تاکہ بیوگان سے نذرانہ وصول کیا جاسکے۔ریلوے ذرائع کے مطابق اس موقع پر بیوگان نے وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی،چیئرمین ریلوے،سی ای او ریلوے،چیف پرسنل آفیسر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ وہ ملتان ڈویژن میں تین مارچ سے جاری تین کروڑ روپے کی رقم کی تاحال تمام بیوگان میں تقسیم نہ ہونے کے معاملہ کی شفاف تحقیقات کروا کر زمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں تاکہ بیوگان بہبود فنڈ کی تقسیم میں خوار ہونے سے بچ سکیں۔اس سلسلہ میں حصول موقف کے لئے ڈویژنل پرسنل آفیسر رملہ شاہد سے رابطہ کی کوشش کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی واقعہ ہوا ہے تو وہ اس کی انکوائری کروائیں گی۔غفلت ثابت ہوئی تومرتکب سٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بیوگان اپنے مسائل کے لئے براہ راست مجھے سے دفتری اوقات میں مل سکتی ہیں جبکہ شکایات سیل میں بھی اپنی شکایت جمع کروا سکتی ہیں۔







