آج کی تاریخ

ریسکیو 1122 خان پور کی ایمبولینس کو بس کی ٹکر چار اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق

رحیم یار خان،کوٹ سمابہ،خان پور (نمائندہ قوم ،خبرنگار،نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر)بس کی ریسکیو 1122 خان پور کی گاڑی کوٹکرسے 4اہلکاروں سمیت 6افرادجاں بحق ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایمبولینس ایک مریض کو خان پور سے رحیم یارخان منتقل کرنے کے لیے آرہی تھی کہ برکت والی پلی کوٹسمابہ کے قریب مبینہ طور پر ایک موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے ایمبولینس ایک مسافر کوچ سے ٹکرا گئی جس میں ریسکیو 1122 خان پور کے آر ایس او عدیل غفار، ایس آئی شاہد رزاق، ای ایم ٹی فہد اور آئی ٹی وی احمد شہید ہو گئے جبکہ دو دیگر شہری بھی اس حادثہ میں جاں بحق ہو گئے، حادثہ کی اطلاع پاتے ہی ڈی پی او عرفان علی سموں، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس محمد ساجد، ڈی ایس پی صدر خالد محمود، ایس ایچ او کو ٹسمابہ مزمل اسحاق، چوکی انچارج ترنڈہ سوائے خان شہباز انور بخاری پولیس کی دیگر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے امدادی سر گرمیوں و دیگر صورت حال کا جائزہ لیا، بعد ازاں ڈی پی او عرفان علی سموں نے شیخ زید ہسپتال پہنچتے ڈاکٹرز سے زخمیوں کے بارہ میں دریافت کیا ، انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی شہادت اور شہریوں کی حادثہ میں وفات پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا، ڈی پی او عرفان علی سموں نے ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی صدر اور ایس ایچ او کوٹسمابہ کو حادثہ کے بارہ میں مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کوٹ سمابہ میں ریسکیو ایمبولینس کو پیش آنیوالے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 کو از خود ریسکیو آپریشن کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی۔

خان پور:بس کی ٹکرسے تباہ ہونےوالی ایمبولینس وشہیدریسکیوافسر،دوسری جانب ڈی پی او رحیم یارخان جائےوقوعہ کادورہ کرتےہوئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں