ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشتگردی؛ عادل راجا سمیت ملزمان کو دو، دو بار عمر قید

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، جس میں عادل راجا سمیت متعدد ملزمان کو سخت سزائیں سنائی گئی ہیں۔
9 مئی کے واقعات سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی، جہاں اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے ٹرائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عادل راجا، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی دو، دو بار عمر قید کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے مجموعی طور پر 24 گواہان عدالت میں پیش کیے گئے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر ملزمان کی غیر حاضری میں ٹرائل مکمل کیا۔ اس موقع پر راجا نوید حسین کیانی پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ تھانہ رمنا کے کیس میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزائیں دی گئیں۔
سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ عدالت میں موجود تھے، جنہیں عدالت نے سرکاری طور پر ملزمان کا وکیل مقرر کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت ملزمان کی غیر موجودگی میں بھی ٹرائل مکمل کیا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں