
ملتان (رپورٹ:محمد زین العابدین،عکا سی : منصور عباس، طلحہ ظفر)روزنامہ قوم، قوم ڈیجیٹل کے زیر اہتمام یو بی ایل کے تعاون سے ریسکیو 1122 کے افسران اور عملہ کی دن رات کی خدمات کے اعتراف کے حوالے سے گزشتہ روز ملتان مارکی میں ایک پُروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں صحافت، بینکاری، قانون اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں گروپ ریجنل ہیڈ یو بی ایل محمد رمضان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122 ڈاکٹر حسین میاں، منیجنگ ڈائریکٹر روزنامہ قوم نعیم احمد شیخ،چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد، ایمرجنسی آفیسر آپریشن انجینئر محمد بلال، سی ای او ملتان مارکی حسن افضل خان، سابق چیئرمین ڈرگ کورٹ سلیم اللہ ایڈووکیٹ، گروپ ایڈیٹر محمد دستگیر چوہان، جوائنٹ ایڈیٹر ناصر محمود شیخ، ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ قوم سید قلب حسن، جنرل منیجر یو بی ایل عتیق الرحمٰن، سابق چیف ٹریفک آفیسر چودھری شریف ظفر، ٹیکس ایڈوائزر اشعر حسن کامران،ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ یو بی ایل محمد عمرمرزا کے علاوہ عرفان اشرف،انجینئر ایوب ناصر، صحافی عاصم تنویر، عاصم عزیز،روزنامہ قوم کے رپورٹر شاہد صدیق، سہیل چوہدری،انچارج کرائم سیل ڈیرہ غازیخان ملک امجد حسین اور دیگر معززین شریک تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا جس کے بعد باقاعدہ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ کمپیئرنگ کے فرائض جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ قوم ناصر محمود شیخ نے سرانجام دیئے جنہوں نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اس موقع پر نعیم احمد شیخ اورمیاں غفار احمد کی طرف سے گروپ ہیڈ یو بی ایل محمد رمضان، ڈاکٹر حسین میاں، انجینئر محمد بلال، اشعر حسن کامران، چودھری شریف ظفر، حسن خان، سلیم اللہ ایڈووکیٹ، عرفان اشرف، ڈپٹی ایڈیٹر سید قلب حسن، ریسکیو کرائم کنٹرول انچارج مدثر ضیا، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد خان، لیڈ فائر ریسکیور عمران تبسم، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن مہ جبین لطیف، کمیونٹی انسٹرکٹر عابدہ پروین، سکیورٹی آفیسر فضل کریم، ڈی آر آصف عمر، ریسکیو ڈرائیور ظل حسنین، محمد لقمان اور کمپیوٹر آپریٹر نئیر وحید کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ گروپ ہیڈ یو بی ایل محمد رمضان نے اپنے خطاب میں کہا کہ روزنامہ قوم اور ریسکیو 1122 کے تعاون سے ایسی منفرد تقریبات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرے کی فلاح میں خدمات انجام دینے والے اداروں اور افراد کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ انہوں نے حاضرین سے درخواست کی کہ سب لوگ کھڑے ہو کر اپنے لئے تالیاں بجائیں جس پر تقریب میں موجود شرکاء کھڑے ہو گئے اور ہال دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے خطاب کرتے ہوئے روزنامہ قوم اور یو بی ایل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’’ آج کی شام ریسکیو 1122 کے نام‘‘ کرنے پر ہم دل کی گہرائیوں سے ممنون ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر نعیم احمدشیخ اور میاں غفار احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2004 میں شروع ہونے والا ریسکیو 1122 کا سفر انتہائی کٹھن اور صبر آزما رہا مگر اس دوران قوم کو کبھی مایوس نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں ریسکیو خدمات ڈویژن کی سطح پر شروع ہوئیں، پھر ضلع اور بعد ازاں تحصیل کی سطح تک پھیلتی گئیں اور اب یہ خدمات ہر گلی اور محلے تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت کرتے ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔نہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف حادثات میں فوری امداد فراہم کرتا ہے بلکہ عوام کو فرسٹ ایڈ اور ایمرجنسی رسپانس کی تربیت بھی دے رہا ہے تاکہ عام شہری بھی مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کر سکیں۔ ملتان مارکی کے سی ای او حسن افضل نے کہا ہے کہ روزنامہ قوم، یو بی ایل اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے ملتان مارکی میں منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب شہر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی خوش آئند مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر روزنامہ قوم نعیم احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسکیو 1122 ایک ایسا ادارہ ہے جس نے مختصر عرصے میں عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات اور ایمرجنسی کی صورتحال میں ریسکیو 1122 کے اہلکار جس جذبے، تندہی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ قوم ہمیشہ ان اداروں کی خدمات کو اجاگر کرتا ہے جو انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں۔چیف ایڈیٹر روزنامہ قوم میاں غفار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسکیو 1122 کو سلیوٹ پیش کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اس ادارے نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بچہ بچہ ریسکیو 1122 کی کارکردگی کا معترف ہے اور صوبے کے عوام کے دلوں میں اس ادارے کے اہلکاروں کیلئے احترام اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ لوگ حقیقی معنوں میں خدمت خلق کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آفیسرز اور ورکرز ابو بن ادھم کی تھیوری پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کے دل جیت چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں ایسے اداروں کی خدمات کو اجاگر کرنا میڈیا کی بھی ذمہ داری ہے اور روزنامہ قوم ہمیشہ قومی اداروں کی خدمات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔قبل ازیں میزبان ناصر محمود شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے روح رواں دراصل گروپ ہیڈ یو بی ایل محمد رمضان ہیں جنہوں نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اس تقریب کا آئیڈیا دیا جس پر روزنامہ قوم نے لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ساتھ تقریب کا اہتمام اس لئے کیا گیا کیونکہ روڈ ایکسیڈنٹس کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں اس ادارے کا کردار کسی تبلیغ سے کم نہیں۔ یہ لوگ عوام کی خدمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچا کر انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔بعد ازاں شاعر، نعت گو اور ٹیکس ایڈوائزر اشعر حسن کامران نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اپنی نظم ’’میرے مجاہدو اے غازیو، جواں مردو‘‘سنائی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ بعد میں یہ نظم بطور یادگار تصویر کی شکل میں ریسکیو 1122 کے حکام کو پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے افطار ڈنر میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں مثبت خدمات انجام دینے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسے پروگرام مستقبل میںبھی منعقد کئے جاتے رہیں گے۔
’’چاچا‘‘ کا سلیوٹ تقریب میں مسکراہٹیں بکھیر گیا
ملتان (نامہ نگار خصوصی)روزنامہ قوم، قوم ڈیجیٹل، یو بی ایل اور ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب کے دوران ایک دلچسپ اور یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ریسکیو 1122 کے سکیورٹی آفیسر فضل کریم کو یادگاری شیلڈ وصول کرنے کیلئےسٹیج پر مدعو کیا گیا۔فضل کریم، جنہیں ساتھیوں اور دوستوں میں پیار سے’’چاچا‘‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے، جیسے ہی سٹیج پر پہنچے تو انہوں نے فوجی انداز میں اتنے جوش اور بلند آواز کے ساتھ سلیوٹ کیا اور ٹانگ زور سے زمین پر ماری کہ سٹیج پر موجود مہمانانِ گرامی اور ہال میں بیٹھے شرکاء چند لمحوں کیلئے حیران رہ گئے۔اس غیر متوقع انداز پر پہلے تو محفل میں خاموشی چھا گئی مگر اگلے ہی لمحےسٹیج پر موجود مہمانوں سمیت تمام حاضرین مسکرا اٹھے اور ہال تالیوں اور قہقہوں سے گونج اٹھا۔ فضل کریم نے شیلڈ وصول کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سلیوٹ کیا جس پر شرکاء نے ان کے جذبۂ احترام اور محنت کو سراہا۔تقریب میں موجود افراد کا کہنا تھا کہ فضل کریم کا یہ انداز دراصل ان کے ادارے اور سینئر افسران کیلئے محبت اور احترام کا اظہار تھا، جس نے تقریب کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا اور شرکاء کیلئے یہ لمحہ دیر تک یادگار بن گیا۔
ڈیوٹی بھی عبادت بھی، خواتین ریسکیو1122 جوائن کریں:عابدہ پروین
ملتان(نامہ نگار خصوصی)ریسکیو 1122 میں کمیونٹی انسٹرکٹر کے فرائض انجام دینے والی اور تقریب میں بیسٹ ورکر کا ایوارڈ حاصل کرنے والی عابدہ پروین نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے جو کسی بھی عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا ماحول بہت اچھا ہے جہاں خواتین کو عزت اور احترام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے پڑھی لکھی خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ بلا جھجک اس محکمے کو جوائن کریں کیونکہ اس جیسا نوبل پروفیشن انہیں کہیں اور نہیں ملے گا۔عابدہ پروین نے اپنے حاصل کردہ ایوارڈ کو سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی رضوان نصیر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں، انجینئر محمد بلال اور اپنے سینئر ساتھیوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی دکھی انسان کی مدد کرتے ہیں تو دل کو سکون ملتا ہے اور جو دعائیں ملتی ہیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں۔
2200 برانچز کے ساتھ UBL نمبر ون، بے روزگاروں کا مسیحا
ملتان(نامہ نگار خصوصی) یو بی ایل کے حوالے سے معلوم ہوا ہےکہ 2200 برانچز کے ساتھ یہ بینک پاکستان کا نمبرون مالیاتی ادارہ بن چکا ہے اور ہر کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی مہربانی قرار دیتا ہے۔ گروپ ریجنل ہیڈ محمد رمضان کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں جنہوں نے کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا اور اس مشن کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گلی محلوں میں انڈے بیچنے والے ایک نوجوان پر اعتماد کر کے اسے بینک میں ملازمت دی گئی اور آج وہ ایک ذمہ دار بینک آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تقریب میں گروپ ہیڈ محمد رمضان کوزبردست خراج تحسین پیش کیا گیاجس پر ہال میں موجود شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔
بہترین کارکردگی ایوارڈ اپنے 3 بچوں اور اہلخانہ کے نام:مہ جبین لطیف
ملتان (نامہ نگار خصوصی)ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن مہ جبین لطیف نے بیسٹ ورکر ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس اعزاز کو اپنے بچوں، اہل خانہ اور اپنے سینئر افسران کے نام کرتی ہیں جن کی حوصلہ افزائی اور تعاون کے بغیر اس مقام تک پہنچنا ممکن نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کیلئے بیک وقت گھریلو ذمہ داریوں اور محکمانہ فرائض کو نبھانا آسان نہیں ہوتا، تاہم محنت، نظم و ضبط اور اہل خانہ کے تعاون سے وہ دونوں ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 میں کام کرنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے کیونکہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔مہ جبین لطیف نے کہا کہ جب کسی زخمی یا پریشان حال انسان کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے اس کی جان بچانے میں کامیابی ملتی ہے تو دل کو بے حد سکون ملتا ہے اور یہی احساس اس پیشے کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 میں کام کرنے والے تمام اہلکار جذبۂ خدمت کے تحت دن رات عوام کی مدد کیلئے تیار رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 ڈیوٹی کے حوالے سے ایک بہترین ادارہ ہے جہاں پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ خواتین کیلئے بھی یہاں باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکتی ہیں۔مہ جبین لطیف نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں گی اور کوشش کریں گی کہ ایمرجنسی کی ہر صورتحال میں عوام کو بروقت اور معیاری طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے نوجوان خصوصاً خواتین کو پیغام دیا کہ اگر وہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہیں تو ریسکیو 1122 جیسا ادارہ ان کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں وہ معاشرے کیلئے مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔







