تازہ ترین

رجسٹری برانچ کرپشن کیس، واجد رضا اینڈ کمپنی نے سرکاری نظام کو بھی فیل کردیا

ملتان(سٹاف رپورٹر) رجسٹری برانچ کرپشن کیس میں اینٹی کرپشن کے رسمی چھاپے جاری اور محض ایک وثیقہ نویس گرفتار ہوا جو معلومات لینے ازخود اینٹی کرپشن ملتان کے دفتر کسی کے ساتھ گیا تھا جبکہ پرائیویٹ رجسٹری مافیا کا سرغنہ ملک واجد رضا کو فرار ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ وہ اکثر اوقات رجسٹری محرروں کے پاس دیکھا جاتا ہے، ایف آئی آر میں اس کا نامزد بیٹا ملک حسن رضا بھی تاحال مفرور ہے، معلوم ہوا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن ملتان کی ٹیم نے گزشتہ روز ظہیر احمد اور علی حسن گیلانی کی سربراہی میں ایف آئی آر نمبر 1917/25 میں ملزمان کے گرفتاری کے لیے وثیقہ نویس مارکیٹ میں چھاپے مارے اور اس دوران ایک وثیقہ نویس حاجی احمد کو گرفتار کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ حاجی احمد بھی کم ویلیو رجسٹریاں کروانے کا ماہر ہے اور وہ بھی ایف آئی آر میں نامزد ہے۔ اینٹی کرپشن نے ملزم کو حوالات منتقل کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ، اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ اینٹی کرپشن کے چھاپے کے وقت پرائیویٹ مافیا کے سرغنہ ملک واجد رضا اپنے آفس میں موجود تھے اور اینٹی کرپشن ٹیم کے آنے پر باآسانی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ ملک واجد رضا جو کہ عرصہ دراز سے ایک بڑے گروپ کی شکل میں رجسٹری برانچ پر اپنا تسلط جمائے ہوئے ہے کا ایک بیٹا ملک حسن رضا بھی ایف آئی آر میں نامزد ہے لیکن وہ بھی عبوری ضمانت کروائے بغیر تاحال مفرور اور قانون کی گرفت سے مبینہ سہولت کارری کی وجہ سے آزاد ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملک واجد رضا اپنے ساتھیوں مغیث حیدر، حمزہ اور کلرک گوہر شاہ کے ذریعے سب رجسٹرار فرخ جاوید کا سرکاری لاگ ان مختلف جگہوں پر استعمال کرتے ہیں ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملک واجد رضا اور ان کا بیٹا ملک میثم رضا اور گروپ کے دیگر افراد اتنے کاریگر ہیں کہ انہوں نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سسٹم کو بھی فیل کر دیا ہے اور پیلرا کے نظام کو ہیک کرنے میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتے اور اس کے لئے انہیں ملتان کے بدنام اوڈھ گروپ کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ اس گروپ کی طاقت، اثر رسوخ اور چمک کا کمال اس قدر ہے کہ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کے رجسٹری برانچ میں کامیاب چھاپے اور بے انتہا سختی کے باوجود یہ گروپ اب بھی نہ صرف دھڑلے سے کام کر رہا ہے بلکہ کسی بھی کارروائی سے محفوظ چلا رہا ہے جس کی مثال گزشتہ دنوں گلگشت میں چھاپے کی ہے جس میں سب رجسٹرار ملک جاوید آرائیں کا سرکاری لاگ ان ملک واجد رضا کا بھائی ملک احسن رضا کا کارندہ علی حسن قریشی غیر قانونی طور پر استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا اور اس نے اقرار کیا تھا کہ ملک واجد رضا اور ان کے بھائیوں نے سرکاری لاگ ان استعمال کرنے کے لیے باقاعدہ باریاں لگا رکھی ہیں اور سرکاری لاگ ان خرید کر کم ویلیو رجسٹریاں، ٹیکسوں میں ہیر پھر کرنے میں تحصیلدار ملک جاوید کی معاونت سے ملوث رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحصیلدار ملک جاوید کی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان سے مبینہ ڈیل کے بعد اس گھناؤنے دھندے کا اہم ترین مہرہ ہونے کے باوجود خود کو ڈرائی کلین کروا چکے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں