ملتان ( عوامی رپورٹر) رجسٹری برانچ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے کیس میں مزید پیش رفت ، اینٹی کرپشن نے پرائیویٹ مافیا کے سرغنہ ملک واجد رضا کے داماد مدثر حسین کو بھی چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ، ملزم سے متعدد رجسٹریاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ اس حوالے سے ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ان کی ہدایات کی روشنی میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن ظہیر احمد نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 1917/25 میں ملوث مدثر حسین وثیقہ نویس کو گرفتار کر لیا، میگا سکینڈل رجسٹریوں کے کیس میں بعض وثیقہ نویسوں کی جانب سے جعلی رجسٹریاں تیار کر کے کم فیس ادا کرنے یا فیسیں جمع نہ کروانے کے باوجود رجسٹریاں سب رجسٹرار ریونیو آفیسران سے پاس کروائی گئی تھیں۔ سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے اس معاملے میں وثیقہ نویس مدثر حسین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ، واضح رہے کہ گرفتار ملزم مدثر حسین پرائیویٹ مافیا کے سرغنہ ملک واجد رضا کا داماد ہے اس سے قبل ملک واجد رضا اور ان کے بھائی ملک ماجد رضا کو اینٹی کرپشن گرفتار کرکے تین روزہ جسمانی حاصل کر چکی ہیں جن سے تفتیش جاری ہے ۔







