لاہور (نمائندہ خصوصی): چوہنگ پولیس نے مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا راز فاش کرتے ہوئے اس واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے دو موٹرسائیکل سواروں کی شناخت کاشف چوہان اور فرخ کے طور پر ہوئی ہے، جنہوں نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ وہ شانی ٹائیگر کے حکم پر یہ کارروائی کر رہے تھے۔
مزید تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ واقعے کے وقت شوٹرز کے ساتھ کار میں موجود دو دیگر افراد عثمان اور لقمان بھی شامل تھے، جو واردات کی منصوبہ بندی میں شریک تھے۔
چوہنگ پولیس کے مطابق فائرنگ کی اصل وجہ رجب بٹ اور شہزاد بھٹی کے درمیان سوشل میڈیا پر ہونے والی تلخ کلامی تھی۔
پولیس کے مطابق شہزاد بھٹی نے شانی ٹائیگر سے رابطہ کر کے اس واردات کی درخواست کی، جس پر شانی ٹائیگر نے شوٹرز کو یوٹیوبر کے گھر بھیجا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کو ویلنشیا اور دیگر علاقوں سے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے سی سی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
