اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنا اللہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھاری تنخواہوں اور فیصلوں پر تنقید کی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں بعض افراد 50 سے 60 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر کام کر رہے ہیں، لیکن انہیں خود معلوم نہیں کہ ان کی ذمہ داریاں کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کابینہ اور پارلیمنٹ میں زیربحث آنا چاہیے۔
ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے۔
اتحادی جماعتوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے بغیر حکومت نہیں چلا سکتیں، اس لیے دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی کام کر رہی ہے۔
اپوزیشن کے گرینڈ الائنس پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد ملکی سیاست اور جمہوریت کے لیے بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔