اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم آزادی پر ملک گیر احتجاج مؤخر کر دے تاکہ قوم بلا روک ٹوک جشن منا سکے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ 14 اگست کے موقع پر احتجاج کی کال واپس لے اور اسے کسی دوسرے دن کے لیے ملتوی کر دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی فتح کے طور پر منایا جا رہا ہے، اس لیے بہتر ہوگا کہ احتجاج کو یوم آزادی سے پہلے یا بعد میں منتقل کیا جائے تاکہ تقریبات متاثر نہ ہوں۔
رانا ثنا اللہ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے موقف کا بھی ذکر کیا کہ وہ مدت ملازمت میں توسیع (ایکسٹینشن) کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم فی الحال زیر غور نہیں، لیکن آئین میں کسی بھی ترمیم کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ 6 اگست کو سابقہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عمران خان نے پارٹی کو ہدایت کی تھی کہ وہ ملک میں بڑھتے ہوئے فاشزم کے خلاف بھرپور احتجاج کرے۔ یہ پیغام پی ٹی آئی کے 5 اگست کے احتجاج کے ناکام ہونے کے ایک روز بعد جاری ہوا تھا۔
