راجن پور کا کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرالیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

صوبہ پنجاب میں دریائی پٹی کے کچے علاقوں میں جاری بڑے آپریشن کے بعد حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ علاقے جرائم پیشہ عناصر سے مکمل طور پر خالی کرا لیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ راجن پور اور رحیم یار خان کے جزیرہ نما خطوں کو کامیاب کارروائی کے ذریعے کلیئر کر دیا گیا ہے اور بڑی تعداد میں مطلوب ملزمان نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق راجن پور سے 42 جبکہ رحیم یار خان سے 200 سے زائد افراد نے سرنڈر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقوں میں چھ ہفتوں پر مشتمل آپریشن کے دوران دہائیوں سے قائم جرائم کے نیٹ ورک کو توڑا گیا اور ریاستی رٹ کو بحال کیا گیا۔ ان کے بقول گزشتہ 45 دنوں کے دوران اغوا برائے تاوان یا ہنی ٹریپ جیسے سنگین جرائم کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 500 سے زائد سرنڈر کرنے والوں میں بعض ہائی پروفائل گینگ لیڈرز بھی شامل تھے۔ کارروائی کے دوران راکٹ لانچر، مشین گنز، پسٹل، بڑی مقدار میں گولہ بارود اور ہینڈ گرنیڈ سمیت جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور نائٹ ویژن کیمروں کے استعمال سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو مؤثر بنایا گیا اور تمام متعلقہ اداروں نے ایک یونٹ کی صورت میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پہلی بار 53 خواتین سمیت بھرتیاں کی گئیں جبکہ تقریباً 30 برس بعد بی ایم پی میں نئی تقرریاں عمل میں لائی گئیں تاکہ علاقے میں مستقل امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
کچے کے علاقوں کی ترقی کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہاں نئے اسکول، کالج، اسپتال اور ٹیکنیکل و ووکیشنل ادارے قائم کیے جائیں گے۔ بہتر سفری سہولت کے لیے گرین بس سروس متعارف کرائی جائے گی اور سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔ تعینات ہونے والے اساتذہ اور ڈاکٹروں کو خصوصی الاؤنس اور اضافی مراعات دی جائیں گی تاکہ وہ دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دے سکیں۔
حکومت نے کچے کے مکینوں کے لیے زرعی اراضی، کسان کارڈ اور کھیتی باڑی کی جدید سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ مقامی نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر معاشی خود کفالت کی طرف لایا جا سکے۔
چیف منسٹر پروگرام برائے کچہ ایریا ڈویلپمنٹ کے تحت تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کر رہی ہیں جبکہ ہوم سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ یہ کمیٹی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کچے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ امن کے قیام کے بعد اب ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ علاقے کے مکینوں کو پائیدار استحکام اور خوشحالی میسر آ سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں