آج کی تاریخ

راجا پرویز اشرف کا پی ٹی آئی ارکان کو ذہنی مریضوں کا ٹولہ قرار دینے کا سخت ردعمل

اسلام آباد: سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان کی طرف سے شور شرابہ کرنے پر انہیں ذہنی مریضوں کا گروہ قرار دے دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بجٹ تقریر کے دوران ہر کوئی اپنی رائے دے سکتا ہے مگر مسئلہ تب ہوتا ہے جب ایجنڈے سے ہٹ کر ذاتی باتیں شروع کر دی جائیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاول نے آج ایک جامع، خوبصورت اور مدلل تقریر کی ہے، اور انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا مقدمہ خوب لڑا ہے۔ ان کی کامیابیاں آپ کو اپنی ناکامیوں کا احساس دلاتی ہیں۔
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ کیا چاہو بھارت پر حملہ کر دوں؟ لیکن ہم نے ایسا جواب دیا جو دندان شکن تھا۔ ان کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان نے شور مچایا اور کہا کہ اگر ہمارے لیڈر کو بات کرنے سے روکا گیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
اپنی تقریر میں انہوں نے پی ٹی آئی کے ارکان کو نفسیاتی طور پر غیر مستحکم اور بے وفا قرار دیا اور کہا کہ یہ شور مچانے والی مشینیں ہیں جن کے پاس وفا نہیں۔ اگر یہ رویہ برقرار رکھا تو سخت جواب دیا جائے گا۔
راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کو تقاریر کے ذریعے جواب دینے کی دھمکی بھی دی اور کہا کہ یہ لوگ ذہنی طور پر بیمار ہیں اور ان کے پاس بولنے کو کچھ نہیں ہے۔ یہ جنرل فیض کی پیداوار ہیں، اور ان کے سوا کوئی عمران خان کو نہیں جانتا تھا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان نے سیکیورٹی عملے کو نازیبا الفاظ سے گالیاں دیں اور کہا کہ ہم انہیں اچھی طرح جانتے ہیں، یہ کمپرومائزڈ لوگ ہیں۔
راجا پرویز اشرف نے اپوزیشن ارکان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’لوٹا لوٹا‘‘، اور کہا کہ یہ اپنے بانی چیئرمین کو دھوکہ دیں گے، یہ جھوٹے اور غدار ہیں۔
اسی دوران پی ٹی آئی کے ارکان نے نعرے لگائے ’’بی بی ہم شرمندہ ہیں، تیرے قاتل زندہ ہیں‘‘۔

شیئر کریں

:مزید خبریں