ملتان کے علاقہ دہلی گیٹ میں آتشبازی سامان میں دھماکے کے جائے مقام سے تین روز بعد بھی تین میتیں نکال کر ہسپتال منتقل کی گئیں، ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے میں مزید لاشیں ہونے کا خدشہ بھی ہے
جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ملتان کے علاقے دہلی گیٹ میں آتشبازی سامان کی تیاری کے دوران دھماکہ ہوا جس سے گھر میں موجود سات افراد ملبے تلے دب گئے۔ چار میتوں اور تین زخمیوں کو نکالنے کے بعد جائے حادثہ کو کلئیر قرار دے دیا گیا تھا تاہم تین روز بعد بدبو پھیلنے پر اہل علاقے نے اطلاع دی آپریشن کے دوران ملبے سے مزید تین لاشیں برآمد ہوگئیں۔ اب تک حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہوچکی ہے۔ جبکہ تین زخمیوں کا نشترہسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے
ریسکیو اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمں جائے حادثہ سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مکمل ملبہ ہٹانے میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں
واضح رہے کہ پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ متاثرہ مکان میں گزشتہ پچیس سالوں سے آتش بازی کا سامان تیارکرنے کا غیر قانونی کام کیا جارہا تھا۔ جس پر متوفی ریاض اور اسکے بھتیجے شہباز سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس اب تک تین افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔ جبکہ لاپرواہی پر تھانہ دہلی گیٹ کے ایس ایچ او سمیت چار اہلکاروں کو معطل کیا جاچکا ہے۔






