اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ چند دہشت گرد ملک کا مستقبل طے کر سکتے ہیں، کیونکہ دہشت گردوں کی کئی نسلیں بھی نہ بلوچستان کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور نہ ہی پاکستان کو۔
اسلام آباد میں منعقدہ پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان کے نمائندے ہیں بلکہ ایک ایسی روشنی ہیں جو دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کرتی ہے۔ انہوں نے “برین ڈرین” کے نظریے کو مسترد کرتے ہوئے اسے “برین گین” قرار دیا اور کہا کہ سمندر پار پاکستانی اس کی بہترین مثال ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی آنے والی نسلوں کو پاکستان کی وہ تاریخ ضرور سنائیں جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ہمارے لیے عزت کا نشان ہے اور عوام کی حمایت کے ہوتے ہوئے پاک فوج ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ہمیں اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو بھی پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنے گا، اُسے مل کر ہٹایا جائے گا۔
اوورسیز پاکستانیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، اپنی شناخت اور ورثے پر فخر کریں، کیونکہ آپ ایک عظیم قوم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، اور ان کے عزت و احترام میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کے مطابق ایک مضبوط اور باوقار ریاست بنایا جائے گا، اور پاکستانی ہمیشہ فخر سے سر بلند رکھیں گے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، اور پاکستانی عوام غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ آرمی چیف اور تمام شرکاء نے “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا فلک شگاف نعرہ بھی لگایا۔







