خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ کرنل سمیت پاک فوج کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی سربراہی میں دہشت گردوں کے ساتھ ان کے ٹھکانے پر فائرنگ کا تبادلہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 جوانوں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر، ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، ضلع چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان، ضلع مری سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید کسی دہشت گردی کی موجودگی کی صورت میں ان کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔







