کراچی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلہ آج شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ گرین شرٹس کو سیریز برابر کرنے کے لیے فتح لازمی درکار ہے، بصورت دیگر قومی ٹیم کو شرمناک سیریز شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم محض 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور بنگلہ دیش نے 7 وکٹوں سے آسان فتح حاصل کی۔ مشکل پچ پر بیٹنگ کے لیے بھیجے جانے کے بعد پاکستانی بیٹرز مشکلات سے دوچار رہے، صرف فخر زمان ہی کچھ مزاحمت کر پائے تھے۔
آج کے میچ میں ٹاس ایک بار پھر اہم کردار ادا کرے گا، اور توقع ہے کہ جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کرے گی۔ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو کر ذمہ دارانہ کارکردگی دکھانا ہوگی۔
فخر زمان کے ساتھ صائم ایوب، محمد حارث اور کپتان سلمان علی آغا پر بھی کارکردگی کا دباؤ ہوگا، کیونکہ یہ تینوں کھلاڑی پہلے میچ میں ناکام رہے تھے۔ حسن نواز بھی بغیر رن بنائے آؤٹ ہو گئے تھے۔
بالنگ یونٹ بھی پہلے میچ میں چھوٹے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔ انہیں آج کے میچ میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔
کپتان سلمان علی آغا نے پہلے میچ کے بعد کہا تھا کہ ہم بورڈ پر بڑا مجموعہ نہیں سجا سکے، اچھی شروعات کے بعد وکٹیں تیزی سے گرنے سے ٹیم دباؤ میں آگئی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پچ مشکل تھی اور آئندہ بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
