اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار امریکہ اور اقوام متحدہ کے اہم سرکاری دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ واپسی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے اس دورے کو ہر لحاظ سے کامیاب قرار دیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے فلسطین کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد مزید ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے محکمہ خارجہ میں تفصیلی ملاقات ہوئی، جب کہ ایک ٹیلی فونک رابطے میں بھی دوطرفہ تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
نائب وزیراعظم نے سلامتی کونسل کے اجلاسوں کی تین بار صدارت کی، جو پاکستانی سفارت کاری کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ ان کی زیر صدارت پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی ایک اہم قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔
