دلہن دھوکے باز: وہاڑی کی شاہین کا 4 سال میں شادیوں کا چوکا، طلاق نہ عدت، دلہوں کو لاکھوں کا چونا

ملتان(کرائم سیل)وہاڑی سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ شاہین اقبال ولد ظفر اقبال نے چار سال میں بغیر طلاق لئے اور بغیر عدت پوری کئے چار رجسٹرڈ نکاح کر کے وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ایبٹ آباد کے چار مختلف خاندانوں سے لاکھوں روپے بٹور لئے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ تمام نکا ح یونین کونسل میں رجسٹرڈ ہیں مگر ایک بھی طلاق نامہ رجسٹرڈ نہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہاڑی سے تعلق رکھنے والے محکمہ تعلیم کے ملازم ظفر اقبال نے اپنی بیٹی شاہین کی پہلی شادی پانچ جنوری 2021 کو محمد صفدر ولد شیر محمد بھٹی ساکن ٹوبہ ٹیک سنگھ سے اپنا ایڈریس غلط لکھوا کر کرائی اور دلہن رخصتی کے 15 دن بعد زیورات اور دیگر سامان سمیت والدین سے ملنے کے بہانےغائب ہو گئی اور پھر کبھی واپس نہ آئی نہ ہی رابطہ رکھا بلکہ جس موبائل فون پر اس کا اور اس کے والد کا رابطہ تھا وہ نمبر ہی تبدیل کر لیا اور ایڈریس بھی غلط ہونے کی وجہ سے محمد صفدر اسے تلاشی نہ کر سکا۔ اسی دوران شاہین کے والد ظفر اقبال نے الیاس فیاض ولد فیاض حسین ساکن 216 ڈبلیو بی وہاڑی سے دوسرا نکاح پہلے خاوند سے طلاق لئے بغیر خود کو کنواری ظاہر کر کے 13 نومبر 2023 کو یونین کونسل میں رجسٹرڈ کرا کر لیا ۔چند دن بعد الیاس فیاض کے گھر سے بھی فرار ہو گئی اور پھر فون نمبر بند ہو گیا۔ الیاس فیاض چند دن ڈھونڈنے کے بعد خاموش ہو گیا تو شاہین اقبال کے والد نے اس کی تیسری شادی 11 اپریل 2024 کو ایبٹ آباد کےرہائشی ظہور حسین ولد محمد یوسف سے لاکھوں روپے لکھوا کر کر دی اور وہاں سے بھی وہ والدین سے ملنے کے بہانے آکر واپس ہی نہیں گئی۔ اسی دوران محکمہ تعلیم کے ملازم ظفر اقبال نے اپنی بیٹی کو کنواری ظاہر کر کے اس کی ملاقات محمد عرفان ولد محمد طارق سکنہ وہاڑی سے کرائی اور اسے شادی کا کہہ کر چند ماہ میں اس سے مجموعی طور پر 22 لاکھ روپے اینٹھ لئے اور پہلے تین نکاح ہونے کے باوجود محمد عرفان سے چوتھا نکاح کرا دیا اور وہاں سے بھی چند روز گزار کر شاہین اقبال غائب ہو گئی تو محمد عرفان نے تحقیقات کرائی اور مقدمہ تھانہ سٹی وہاڑی میں درج کرا دیا ۔ شاہین اقبال، اس کے والد ظفر اقبال، والدہ مختار بی بی ،سیکرٹری یونین کونسل عیسیٰ ملک، نکاح خواں اور رشتہ کرانے والے جعل ساز عبدالرحمان بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرا یاگیاہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں