آج کی تاریخ

دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، مظفرگڑھ کے دیہات زیرِ آب

ملتان: پنجاب اور بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلابی ریلے نے مظفرگڑھ کی کئی تحصیلوں اور دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
سیلاب کے باعث جتوئی اور علی پور بدترین متاثر ہوئے جبکہ شہر سلطان اور قریبی مواضعات میں بھی پانی گھس آیا۔
ڈی پی او سید غضنر علی شاہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کے لیے پاک فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی ادارے مشترکہ طور پر کارروائی میں مصروف ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کی 32 کشتیاں مسلسل امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔
اب تک 4686 افراد کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
دریائے چناب میں پانی کی بلند سطح کے باعث حفاظتی بندوں کی صورتحال نازک بنی ہوئی ہے جبکہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارشیں بھی مشکلات میں اضافہ کررہی ہیں۔
دوسری طرف دریائے راوی اور دریائے ستلج میں سیلابی کیفیت کے پیش نظر اوکاڑہ کے متاثرہ علاقوں کے اسکولوں میں چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
سیلاب زدہ 32 دیہات کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اب 14 ستمبر تک بند رہیں گے۔ اس فیصلے کے حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں