آج کی تاریخ

دریائے راوی اور ستلج میں سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں کے باعث دریائے راوی اور دریائے ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
راوی اور اس کے ملحقہ ندی نالوں میں مسلسل بارشوں کے سبب تھین ڈیم 1717 فٹ کی سطح کے ساتھ 86 فیصد بھر چکا ہے، جس کے بعد ڈیم سے پانی چھوڑنے کا عمل جاری ہے۔ بھارتی نالوں سے بھی سیلابی ریلے داخل ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس سے راوی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پیر پنجال رینج کے نالے، جیسے بین، بسنتر اور ڈیک، میں بھی اگلے 24 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ کوٹ نیناں کے مقام پر راوی میں پانی کا بہاؤ 64 ہزار کیوسک تک ریکارڈ کیا گیا، جب کہ جسر کے مقام پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
تھین ڈیم سے پانی کے اخراج کی صورت میں سیالکوٹ، نارووال، قصور اور دیگر نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس اور “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ کے ذریعے معلومات حاصل کرتے رہیں۔
ادھر، دریائے ستلج میں بھی ہریکے کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔
محکمہ بلدیات، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیوسٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو ٹیموں کو حساس علاقوں میں تعینات کرنے اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے لوگوں کو پیشگی خبردار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پانی کی آمد و اخراج کی تازہ تفصیلات: تربیلا: آمد 2,28,300 کیوسک، اخراج 2,27,900 کیوسک
منگلا: آمد 32,400 کیوسک، اخراج 7,800 کیوسک
چشمہ: آمد 2,13,000 کیوسک، اخراج 1,90,000 کیوسک
ہیڈ مرالہ (چناب): آمد 66,200 کیوسک، اخراج 38,300 کیوسک
نوشہرہ (کابل): آمد و اخراج 39,400 کیوسک
ریزروائر کی سطح: تربیلا: 1549.20 فٹ (ذخیرہ: 56.82 لاکھ ایکڑ فٹ)
منگلا: 1219.40 فٹ (ذخیرہ: 55.59 لاکھ ایکڑ فٹ)
چشمہ: 648.00 فٹ (ذخیرہ: 2.58 لاکھ ایکڑ فٹ)
مجموعی قابل استعمال ذخیرہ: 1 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار ایکڑ فٹ

شیئر کریں

:مزید خبریں