خیرپور ٹامیوالی آن لائن فراڈ، ہیکنگ اور سکیمنگ کا گڑھ، سیاسی و پولیس پشت پنائی

بہاولپور (کرائم سیل) مقامی سیاستدانوں کی آشیرواد اور ان کےفرنٹ مینوں کی مکمل سہولت کاری مقامی پولیس کی منتھلیوں و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی عدم توجہی، خیرپور ٹامیوالی میں اس وقت پورے ملک میں آن لائن فراڈ کرنے والے نیٹ ورک کے بڑے بڑے گروہوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ جہاں سکیمرز اور ہیکرز پر مشتمل منظم نیٹ ورک سوشل میڈیا کو ہتھیار بنا کر سادہ لوح شہریوں کی جمع پونجی لوٹ رہے ہیں جو جعلی واٹس ایپ نمبرز، فرضی بینک اکاؤنٹس، بوگس TCS سلپس اور خود ساختہ کسٹم و ایف آئی اے افسران ظاہر کر کے مرحلہ وار فراڈ کرنے میں مصروف ہیں، شہریوں نے ایف آئی اے اور سائبر کرائم ونگ سے فوری نوٹس اور فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ روزنامہ قوم کو مقامی ذرائع سے جو معلومات اور ریکارڈ ملا ہے اسکے مطابق ضلع بہاولپور کی تحصیل خیرپورٹامیوالی ملک بھر میں آن لائن فراڈ، ہیکنگ اور سکیمنگ کا گڑھ بن چکی ہے جہاں منظم گینگسٹرز دیہاتوں اور مختلف علاقوں چکری سیال، جھوک واگی، زورکوٹ، کھنڈ لوڑیاں، بستی کھنڈاں اور چک نمبر 24 جندوشاہ میں بیٹھ کر سوشل میڈیا (ٹک ٹاک، فیس بک) پر سستی اشیاء، موبائل فون، جعلی کرنسی، گاڑیاں اور اسلحہ کے جعلی اشتہارات لگا کر سادہ لوح شہریوں کو پھانس رہے ہیں، واٹس ایپ پر فیک نمبرز کے ذریعے آدھی رقم ایزی پیسہ/جاز کیش یا بینک میں وصول کر کے جعلی TCS سلپ بھیجی جاتی ہے، پھر خود ساختہ کسٹم اہلکار بن کر تیسرے مرحلے میں ٹیکس کے نام پر مزید رقم بٹوری جاتی ہے اور آخرکار نمبر بلاک کر دیا جاتا ہے، ذرائع کے مطابق ہر ہیڈ کے ماتحت 40 سے 50 لڑکے کام کر رہے ہیں جبکہ مقامی پولیس مبینہ طور پر معمولی کارروائی کے بعد بھاری رقوم لے کر چھوڑ دیتی ہے، اہل علاقہ کے مطابق سکیمرز کے سرغنہ اللہ یار،احمد نواز گجر،بلال صوفی،عمران نائی،اویس دایا،فیاض عباسی،ارسلان گجر،شہزاد عباسی،محمد حسنین عباسی اور اللہ نواز واگی درجنوں نہیں سینکڑوں افراد کے خلاف متاثرین کی درخواستیں اور آڈیو ریکارڈنگز موجود ہیں،جن کے خلاف درخواستوں اور نشاندھی کے باوجود کسی قسم کی کوئی کاروائی اس وجہ سے نہیں ہوتی کیونکہ انہیں جہاں مقامی طور پر سیاستدانوں کی سرپرستی حاصل ہے وہیں پر متعلقہ ادارے بھی ان کے ساتھ ڈیل کے بعد انہیں ڈھیل دے رکھی ہے شہریوں نے ایف آئی اے اور سائبر کرائم ونگ سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں