آج کی تاریخ

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں اور نقصانات

پشاور: خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے زبردست تباہی مچا دی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، اب تک 212 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 184 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں بونیر، باجوڑ، بٹگرام، سوات، شانگلہ، تورغر اور مانسہرہ شامل ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق صرف بونیر میں 159 افراد جاں بحق ہوئے اور 100 سے زائد افراد کو زندہ بچایا گیا۔ باجوڑ میں 20 افراد ہلاک اور ایک لاپتا ہے، جبکہ بٹگرام میں 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں اور 10 لاپتا ہیں۔ مجموعی طور پر 32 افراد کی تلاش جاری ہے۔
سیلاب اور بارشوں کی شدت سے 68 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 61 جزوی اور 7 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ مختلف علاقوں کی سڑکیں، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچے بھی شدید نقصان پہنچا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے 50 کروڑ روپے فوری طور پر جاری کیے گئے ہیں۔ بونیر کے لیے 15 کروڑ، باجوڑ، بٹگرام، مانسہرہ کے لیے ہر ضلع 10 کروڑ اور سوات کے لیے 5 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔
ریلیف سرگرمیوں میں پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے مصروف ہیں۔ اب تک 3567 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 3817 متاثرہ افراد ریلیف کیمپوں میں موجود ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں 545 اہلکار اور 90 گاڑیاں و کشتیاں شامل ہیں۔
فلڈ کنٹرول سیل کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند ہے۔ دریائے سندھ میں خیرآباد (اٹک) پر درمیانے درجے کا سیلاب، تربیلا میں نچلے درجے کا سیلاب، چشمہ میں شدید بہاؤ، اور جناح بیراج میں پانی کی بلند سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ پر درمیانے درجے کا سیلاب اور ورسک میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ دریائے سوات میں خیالی (چارسدہ)، منڈا ہیڈورکس، ادینزئی اور خوازہ خیلہ میں پانی کا بہاؤ خطرے کے نشان کے قریب ہے۔
حکام نے تربیلا 5 پاور ہاؤس کے زیر تعمیر حصے میں کام عارضی طور پر بند کر دیا ہے اور ہائر ایجوکیشن کے عملے کو اسٹیشن سے باہر جانے سے روک دیا گیا ہے تاکہ ریلیف میں بھرپور حصہ لیا جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور اپنے مال مویشیوں کو بھی محفوظ جگہ پر رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1700 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں