خیبرپختونخوا میں گاڑی کا نمبر اب شہری کی ملکیت، نیا پرسنلائزڈ رجسٹریشن سسٹم متعارف

پشاور میں خیبرپختونخوا حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں بڑی تبدیلی متعارف کراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب گاڑی کا نمبر پلیٹ گاڑی کے بجائے شہری کی ذاتی ملکیت تصور ہوگی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ’’پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم‘‘ یعنی پی آر ایم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ نئے سسٹم کے تحت گاڑی کی فروخت کے بعد بھی نمبر پلیٹ سابق مالک کے پاس ہی رہے گی، جبکہ خریدار کو اپنی گاڑی کے لیے نیا نمبر حاصل کرنا ہوگا۔
ایکسائز حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام سے جعلی اور کلون نمبر پلیٹس کا مسئلہ ختم کرنے میں مدد ملے گی اور رجسٹریشن کا عمل زیادہ شفاف، تیز اور کرپشن فری ہو جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمبر پلیٹ کو شہری کی ملکیت قرار دینے کا مقصد گاڑیوں کے غیرقانونی استعمال میں کمی لانا ہے، اور عوام کو جدید سہولت فراہم کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ شہری اپنا نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی کے اپنے پاس محفوظ رکھ سکتے ہیں جبکہ نمبر پلیٹ فروخت کنندہ کے نام ہی رہے گی اور خریدار نئے نمبر کے لیے درخواست دے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ ایکسائز کے لیے پولیس کی طرز پر ’’شہید پیکج‘‘ کا اعلان بھی کیا اور منشیات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے گروہوں کو نشانہ بنایا جائے اور صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں