لاہور: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اپنے وکیل مدثر چوہدری کے ذریعے ملزم حسن شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست عدالت میں جمع کرا دی۔ایڈیشنل سیشن جج محمد کاشف نے درخواست پر سماعت کے دوران پولیس کو آئندہ تاریخ پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کارروائی 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔درخواست کے مطابق حسن شاہ کو این سی سی آئی اے کے کیس میں تو ضمانت مل گئی تھی، لیکن اس دوران اس نے عدالت میں جعلی ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے تھانہ اسلام پورہ میں اس حوالے سے کارروائی کیلئے درخواست دی تھی، مگر پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔درخواست میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ملزم پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے خلیل الرحمان قمر کی غیر مناسب ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلائی۔







