پشاور: حکومت مذاکرات کی پہل کرے، بھیک نہیں مانگیں گے: شبلی فراز

حکومت مذاکرات کی پہل کرے، بھیک نہیں مانگیں گے: شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مذاکرات کے لیے بھیک نہیں مانگے گی، بلکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پہل کرے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور اب بھی ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ باضابطہ طور پر مذاکرات کی پیشکش کرے کیونکہ مسائل کا حل مذاکرات سے ہی نکل سکتا ہے۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کو کچھ دنوں کے لیے مؤخر کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ان کی جماعت کی مذاکراتی کمیٹی کے ممبران کو اب تک عمران خان سے ملاقات کا موقع نہیں دیا گیا، جو کہ ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو گی، کمیٹی کے دائرہ کار اور حدود کا تعین نہیں ہو سکتا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت جب اپوزیشن کو ٹھیک سے ہینڈل نہیں کر پاتی تو اس کا نقصان ملک کو ہوتا ہے۔ سیاسی استحکام وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت ان مسائل کو اکیلے حل نہیں کر سکتی۔

شبلی فراز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس نہ تو مینڈیٹ ہے اور نہ ہی عوام کی حمایت، جو کہ امن و امان اور باقی مسائل کو حل کرنے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سیاسی استحکام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں