آج کی تاریخ

حکومت سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے فوری ریلیف کا اعلان کرے، امیر جماعت اسلامی

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے بعد ملک میں غذائی بحران کے خدشات شدید ہو گئے ہیں، حکومت فوری طور پر متاثرہ کسانوں کے لیے ریلیف پیکج اور مالی امداد کا اعلان کرے۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ملک بھر میں 40 لاکھ ایکڑ زرعی زمین اور 3 ہزار دیہات زیرِ آب آ گئے، جس کے نتیجے میں چاول اور کپاس کی فصلیں تباہ ہوئیں اور آئندہ گندم کا بحران پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے گندم کی قیمت 3900 روپے مقرر کی لیکن بعد میں فیصلہ واپس لے لیا جس سے کسان مزید مشکلات کا شکار ہوئے۔ حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ بیج پر سبسڈی دی جائے اور فصلوں کے نرخ بڑھا کر کسانوں کو سہارا دیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ ناجائز ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو این او سی جاری کرنا اور آبی گزرگاہوں پر تعمیرات کی اجازت دینا بدانتظامی ہے جس نے ماحولیاتی اور شہری بحران میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے اشتہارات پر خرچ ہو جاتے ہیں مگر نکاسی آب اور ریلیف کے نظام میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور مٹی کے تودے گرنے سے ایک ہزار افراد جاں بحق ہوئے، لیکن حکومت جدید آلات نصب کرنے اور جنگلات کے تحفظ کے بجائے کرپشن میں مصروف رہی۔ ان کے مطابق درختوں کی کٹائی، ناجائز تعمیرات اور بدعنوانی نے قدرتی آفات کے اثرات بڑھا دیے۔
انہوں نے بھارت پر دریاؤں میں “آبی دہشت گردی” کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مؤثر جواب دینا چاہیے۔ حافظ نعیم نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے متاثرہ افراد اور کسانوں کے نقصانات پورے نہ کیے تو جماعت اسلامی لانگ مارچ سمیت ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں