
ملتان(شاہد صدیق/ایڈیٹر سپورٹس)بین الاقومی موٹرریسر فیصل خان شادی خیل نے سال بھر میں موٹر جیپ ریسز میں انٹرنیشنل لیول کی فتوحات کے ہیٹرک پلس مقابلے جیت لیے اور میڈلز کے انبار لگادیئے، فیصل خان شادی خیل نے تازہ ترین موٹر ریس تھل جیپ ریلی 2025 ء جیت کر اس عظیم کامیابی کو اپنی زندگی کے عظیم رشتہ اپنے والدین کے نام کردیا ۔ روزنامہ’’قوم‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل خان شادی خیل نے بتایا برسوں سے بین الاقوامی سطح کی جھل مگسی ، چولستان جیپ ریلی اور تھل جیپ ریلی کے وکٹری سٹینڈ پر کھڑا ہوں اور ان فتوحات میں میرے ہنر کا کوئی کمال نہیں۔ میرے والدین کی دعاؤں کے صدقہ اللہ تعالیٰ کی خاص نظر کرم ہے، تھل جیپ ریلی 2025 ء میں عظیم کامیابی پر اللہ رب العزت کا شکر گزار ہوں ،انہوں نے موٹر ریسز میں اپنی جدوجہد کے ابتدائی ماہ و سال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹھن دور میں چولستان جیپ ریلی اور جھل مگسی جیپ ریلی میں صرف ایونٹ میں شرکت کیا کرتے تھے، پریکٹس کے لیے کوئی جگہ دستیاب نہ تھی۔ جس کے باعث پریکٹس کے لیے 2015ء میں تھل میں 35 کلومیٹر کا ٹریک تیار کروایا۔ 2016ء میں پہلی تھل جیپ ریلی کا باقاعدہ آغاز ہوا جو اس وقت پاکستان کا مقبول ترین ایونٹ کی صورت اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے حکومتی سرپرستی حاصل نہ ہونے کا شکوہ کیا اور کہا اگر حکومت دست شفقت رکھ دے تو ہمارے باصلاحیت موٹر ریسر جیپ ریلی کے موٹر ریس مقابلوں میں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔انہوں نے تھل جیپ ریلی 2025ء میں اپنی بےمثال کامیابی بارے بتایا کہ تینوں ایونٹ کوالیفائنگ راؤنڈ ، مڈ پوائنٹ اور فنشنگ پوائنٹ میں فرسٹ پوزیشن میری محنت اور والدین کی دعاؤں کا ثمر ہے ۔انہوں نے پاکستان میں موٹرریسز کو تیزی سے مقبول ہوتا ہوا سگمنٹ قرار دیا اور کہا کہ تھل، چولستان اور جھل مگسی جیپ ریلی کرکٹ کے بعد پاکستان کا مقبول ترین ایونٹ بن چکا ہے۔ تینوں ایونٹس میں ہزاروں لوگوں کی شرکت اس کھیل کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس ایونٹ سے ملحقہ علاقوں کی معیشت کو بھی عروج حاصل ہوتا ہے جس سے اس خطے کے علاقوں کے روزگار کے مواقع بھی کشادہ ہوئے ہیں۔







