حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کا گرین سگنل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس ضمن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے، جبکہ حکومتی وفد بھی اسپیکر کی درخواست پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات صرف تحریکِ انصاف کے منتخب پارلیمانی نمائندوں سے ہی کیے جائیں گے، کسی غیر منتخب یا غیر پارلیمانی فرد سے بات چیت نہیں ہوگی۔ دوسری جانب اسپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق تاحال تحریکِ انصاف کی جانب سے مذاکرات کے لیے باضابطہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
اسپیکر آفس کے مطابق سردار ایاز صادق نے پہلے سے قائم پارلیمانی کمیٹی کو برقرار رکھا ہوا ہے، اور جیسے ہی اپوزیشن رضامندی ظاہر کرے گی، کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کر لیا جائے گا۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کی پیشکش کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے اب تک کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے تحریکِ انصاف کی قیادت کو اپنے چیمبر میں ملاقات کی دعوت دے رکھی ہے، تاہم اس پر بھی ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ تحریکِ انصاف کی اسپیکر سے آخری ملاقات محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے معاملے پر ہوئی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں