حکومتی اقدامات کے باوجود جوا مافیا بدستور سرگرم، پوش علاقوں میں اڈے قائم

ملتان (شیخ نعیم سے) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں جرائم کے خاتمے کے لیے اسلحہ نمائش، بھتہ خوری، چوری ڈکیتی، خواتین سے غیر اخلاقی حرکات، تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور آن لائن جوا ایپس کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آن لائن فراڈ اور جوئے سے متعلق تمام معاملات خصوصی طور پر سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے سپرد کر دیئے ہیں تاکہ اس ناسور کا مؤثر خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔حکومتی سطح پر سنجیدہ اقدامات کے باوجود شہر میں خفیہ جوا مافیا بدستور سرگرم ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مافیا نے اپنے غیر قانونی دھندے کے لیے شہر کے مختلف پوش علاقوں میں کرائے پر گھر اور کوٹھیاں حاصل کر رکھی ہیں، جہاں نہایت خفیہ انداز میں آکڑہ پرچی جوا اور کرکٹ میچ جوا کروایا جاتا ہے۔ حیران کن طور پر ان مقامات کے اطراف جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی کارروائی کی صورت میں پیشگی اطلاع مل سکے اور انتظامات فوری طور پر تبدیل کیے جا سکیں۔اطلاعات کے مطابق آئی پی ایل، T20 کرکٹ میچز اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی آڑ میں آن لائن اور آف لائن جوئے کے رجحان میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ نوجوان موبائل فون اور مختلف ایپس کے ذریعے اس جال میں پھنس رہے ہیں۔ جوا مافیا نے اگرچہ اپنے دھندے کی کیٹیگری تبدیل کر لی ہے، مگر اس کاروبار میں کمی کے بجائے اسے مزید منظم اور جدید بنا دیا گیا ہے۔اہم سوال یہ ہے کہ آخر اس مکروہ دھندے کی سرپرستی کون کر رہا ہےبعض حلقوں کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر رسمی کارروائیاں کر کے چھوٹے کارندوں کو گرفتار کیا جاتا ہے جبکہ اصل سرغنہ بدستور محفوظ رہتے ہیں، جس سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔سماجی حلقوں کے مطابق آکڑہ جوا اور کرکٹ میچ جوا کھیلنے والے متعدد افراد اپنے گھر بار، جمع پونجی اور روزگار سے محروم ہو چکے ہیں۔ کئی افراد ذہنی دباؤ اور مالی تباہی کے باعث خودکشیاں کر چکے ہیں، جبکہ ان کے بچے بعد ازاں جرائم پیشہ عناصر کے ہتھے چڑھ گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر گھر کا ایک فرد جواری بن جائے تو پورا خاندان تباہ ہو جاتا ہے، جیسے ایک نشئی پورے گھر کو بربادی کی طرف لے جاتا ہے۔عوامی مطالبہ ہے کہ جہاں سی سی ڈی آن لائن فراڈ اور آئی پی ایل سمیت دیگر میچز کی آڑ میں ہونے والے جوئے کے خلاف بھرپور کارروائی کرے، وہیں ضلعی پولیس بھی پوش علاقوں میں قائم خفیہ جوا خانوں کے خلاف بلاامتیاز اور مستقل بنیادوں پر آپریشن کرے، تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں