ملتان (نامہ نگار خصوصی ) عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاالدین زکریا سہروردی ملتانی ؒکے 786 ویں عرس کی سہ روزہ تقریبات کل 31 جولائی جمعرات سے درگاہ عالیہ قاسم باغ ملتان میں شروع ہو رہی ہیں جو 2 اگست ہفتہ تک جاری رہیں گی۔ 10 بجے دن تقریب غسل ہوگی۔ مخدوم مرید حسین قریشی ، خواجہ معین الدین کوریجہ ، پیر سید علی حسین شاہ ،صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی اور صوبائی سیکرٹری محکمہ اوقاف و مذہبی امور سید طاہر رضا بخاری مزار مبارک کو غسل دے کر تقریبات عرس کا آغاز کریں گے اس کے فورا بعد محکمہ اوقاف اور پاکستان زکریاؒ اکیڈمی کے زیر اہتمام سالانہ قومی زکریا کانفرنس کی پہلی نشست منعقد ہوگی جس میں دربار حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین کوریجہ ، دربار حضرت چادر والی سرکارؒ کے سجادہ نشین پیر سید علی حسین شاہ ، صوبائی سیکرٹری محکمہ اوقاف و مذہبی امور سید طاہر رضا بخاری ، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی ، مولانا محمد فاروق خان سعیدی اور قاری خادم حسین سعیدی خطاب کریں گے یکم اگست جمعۃ المبارک کو 10 بجے دن دوسری نشست میں دربار حضرت سخی نواب ؒ کے سجادہ نشین مخدوم سید محمد زوہیب گیلانی ، دربار حضرت حافظ محمد جمال اللہ ملتانی ؒ کے سجادہ نشین مخدوم محمد شہباز حسین جمالی ، خانقاہ حامدیہ کے سجادہ نشین صاحبزادہ قاری ناصر میاں خان اور دربار حضرت خواجہ نبی بخش ملتانی ؒ کے سجادہ نشین مخدوم محبوب عالم سبحانی کے فرزند مخدوم فیض مصطفی سبحانی مہمانان خصوصی ہوں گے ۔عرس مبارک کی اختتامی تقریبات 2 اگست ہفتہ کو 10 بجے دن منعقد ہوں گی ۔جماعت اہل سنت کے سربراہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی ،مرکزی ناظم اعلی صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری ، اور دربار حضرت مخدوم عبداللہ جہانیاں سہروردی ؒ کے سجادہ نشین پیر میاں مقبول احمد ہاشمی سہروردی مہمانان خصوصی ہوں گے۔ پاکستان زکریا ؒ اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری حسب سابق سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ محکمہ اوقاف ملتان کے زونل ایڈمنسٹریٹر سید ایاز الحسن گیلانی کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی زیر نگرانی عرس تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں نے اس سلسلے میں کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ عرس مبارک کے سلسلے میںسکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ عرس میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین اور عقیدت مند شریک ہوں گے۔ ملتان میں زائرین کی آمد کا سلسلہ آج سے شروع ہو گیا ہے۔
