لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں سابق کپتان سرفراز احمد کو اپنا پسندیدہ کپتان قرار دے دیا۔
حسن علی نے “کرکٹ پاکستان” کو دیے گئے انٹرویو میں سرفراز احمد کی قیادت، ٹیم کے ساتھ اُن کے تعلق اور ان کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز ہمارے دلوں کے قریب ہیں، انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فتح دلائی، ٹیم کو متحد رکھا اور ہر کھلاڑی کو ساتھ لے کر چلے۔ ان کے ساتھ گزارا گیا وقت سیکھنے کا بہترین موقع تھا۔
فاسٹ بولر نے سرفراز کے علاوہ موجودہ کھلاڑی شاداب خان کو بھی ایک بہترین اور جارحانہ کپتان قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاداب میں قیادت کی صلاحیتیں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، اور ان کے دور میں ٹیم نے مسلسل 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کی تھیں۔ سرفراز آج بھی موجودہ اور سابق کھلاڑیوں میں ایک باوقار شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔
