آج کی تاریخ

حافظ نعیم الرحمٰن کا انتخابی نظام پر تنقید، سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کے مہرے قرار دیدیا

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی سب اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں کی کٹھ پتلیاں ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نے انتخابی نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
لاہور میں تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے مخصوص نشستوں پر غیر منصفانہ فیصلوں کی شدید مذمت کی اور ان نشستوں کو پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیٹیں چھین کر اپنی مرضی کے افراد میں تقسیم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کا محور آئین و قانون کو بالکل بھی اہمیت نہیں دیتا اور ملک کو بند گلی میں لے جا رہا ہے۔ اربوں روپے کے اشتہارات کے ذریعے خوشحالی کے جھوٹے دعوے کرنا حکمرانوں کا معمول بن چکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ باجوہ کو ایکسٹیشن دینے اور اپنی تنخواہوں میں اضافے کے لیے یہ سب متحد ہو جاتے ہیں، لیکن غزہ اور کشمیر میں جاری ظلم پر مکمل خاموشی اختیار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کا فرض صرف مذمت کرنا نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھانا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک سے نفرت، تعصب، گالی گلوچ اور تشدد کی سیاست کو ختم کرے گی۔ جماعت اسلامی آئین و قانون کی حکمرانی اور ملک میں شفافیت کی خواہاں ہے۔ قوم کو چھوٹے اختلافات سے نکال کر اتحاد اور یکجہتی کی طرف لے جانا چاہتی ہے اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں