ملتان (وقائع نگار) جی پی او کارگو کے ذریعے کروڑوں روپے کی جنسی ادویات ،موبائل کے ڈبے اور موبائل اسیسریز کی سمگلنگ ہو رہی ہے۔ روزانہ کئی من سمگلنگ کا سامان جی پی او کارگو کےذریعے آ رہا ہے۔مبینہ طورپر سپرنٹنڈنٹ عدنان چانڈیہ 2 ہزار روپے فی کلو سامان کلیئر کرنےکے وصول کر رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بیرون ممالک سے خواتین جیکٹوں میں ڈبوں کے بغیر موبائل چھپا کر لاتی ہیں اور موبائل کے ڈبوں کو جی پی او میں کارگو کر دیا جاتا ہے۔ کسٹم حکام کو اس معاملے کی شکایت موصول ہوئی تو ڈپٹی کلکٹر سمرا اظہر نے جی پی او میں چھاپہ مارا تو کروڑوں روپے مالیت کا سمگلنگ کا سامان برآمد ہوا جس پر کسٹم سپرنٹنڈنٹ عدنان چانڈیہ کے خلاف کیس بنایا گیا چونکہ عدنان چانڈیہ کلکٹر ایئرپورٹ طیبہ معید کیانی کا خاص آدمی ہے اس لیے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور اس معاملے کو سرد خانے کی نظر کر دیا گیا ۔جی پی او کےذریعے ہونے والی سمگلنگ سے حکومتی خزانے کو کسٹم ڈیوٹی کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔






