جیل بھرو تحریک،ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی آگے،عوام نے خوف کی زنجیریں توڑ دیں،عمران خان

راجن پور(نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے 5 ویں روز 70 سے زائد کارکنوں نے گوجرانوالا میں گرفتاریاں دیدیں،تحریک کے دوران پہلے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کر لی،تفصیل کے مطابق پنجاب میں نگراں حکومت کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے باوجود راجن پور میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 193 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ،غیر حتمی،غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار محسن لغاری نے فتح حا صل کر لی،تحریک انصاف کی فتح کے بعد کارکنوں اور حامیوں نے جشن منایا،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے،این اے 193 کی نشست دسمبر 2022 میں پی ٹی آئی کے سردار جعفر خان لغاری کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخاب میں کُل 11 امیدوار وں میں پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور مسلم لیگ (ن) کے عمار لغاری پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔رات گئے تک این اے 193 کے ضمنی الیکشن کے 149 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کےمحسن لغاری 55186ووٹ لیکرآگے،ن لیگ کے عمار لغاری 31107 ووٹ لیکر دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی کے اختر گورچانی 11478 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔قبل ازیں پی ٹی آئی نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو یہاں امیدوار نامزد کیا تھا لیکن رواں ماہ کے آغاز میں سابق وزیر اعظم نے ٹیریان وائٹ کیس میں ممکنہ نااہلی سے بچنے کے لیے بطور امیدوار اپنا نام واپس لے لیا تھا۔راجن پور میں ووٹنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقے میں 237 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پنجاب رینجرز کے 200 سے زائد اہلکار بھی کوئیک رسپانس فورس کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمار لغاری نے دعویٰ کیا تھا کہ راجن پور میں پریذائیڈنگ افسران ووٹرز کے ساتھ بدتمیزی کر رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے۔عمار لغاری نے الیکشن کمشنر سے ان واقعات کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’انتظامیہ حق اور انصاف کے ساتھ نہیں کھڑی ہے، غلط کاموں کو روکنے کے بجائے ان کی تائید کی جارہی ہے‘۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں محسن لغاری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کے کیمپوں میں بہت بڑا فرق ہے، یہاں جوش اور توانائی لاجواب ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب سے راجن پور میں پولنگ کا اعلان ہوا ہے اس وقت سے ووٹرز کے ساتھ ہیرا پھیری کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے لوگوں کو ڈرایا نہیں جاسکا اور وہ دباؤ میں نہیں آئے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مقامی حکام پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو جیل بھیجا گیا لیکن کوئی بھی ان کے جوش کو کم نہیں کرسکا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور عمران خان کو جتوائیں گے۔الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پنجاب کی درخواست زیر غور نہیں کیونکہ ضمنی انتخاب کے تمام انتظامات کیے جاچکے ہیں۔علاوہ ازیں این اے 193 میں کامیاب امیدوار محسن لغاری کو عمران خان نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے خوف کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔ضمنی الیکشن کا نتیجہ اآنے والے عام انتخابات کے نتائج کا پیش خیمہ ہے،علاوہ ازیں جیل بھرو تحریک کے 5ویں روز پی ٹی آئی کے 70 سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دی۔گرفتاریاں دینے کےلیے گجرات اور وزیر آباد سے بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلی گوجرانوالہ پہنچی۔گوجرانوالہ میں موجود کارکنوں کے ساتھ مل کر سینٹرل جیل پہنچے، یاسمین راشد نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی 6 گاڑیاں بھر کر جاچکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب پولیس کی گاڑیاں ختم ہوگئی ہیں، اس لیے وہ اور باقی لوگ واپس جا رہے ہیں۔آج بھی گرفتاری دینے کےلیے آئے متعدد کارکنوں نے وین میں چڑھ کر فوٹو سیشن کیا اور اتر گئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں