ملتان(سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان سرکل میں جہانیاں کی رہائشی سٹیج اداکارہ کی جانب سے ارسلان عاشق اور اس کے ساتھیوں کے خلاف نازیبا اور ڈیپ فیک ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے کے الزام میں درخواست جمع کرادی گئی۔تفصیلات کے مطابق، جہانیاں کے علاقے کی رہائشی سٹیج اداکارہ سمیرا پروین نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو ایک تحریری درخواست دی ہے۔ درخواست میں مستغیثہ نے نامزد ملزموں ارسلان عاشق ولد عاشق حسین، طالب حسین ولد غلام قاسم، طاہر حسین ولد مقبول حسین، اور عاشق حسین ولد غلام قاسم، تمام سکنہ چک نمبر 291/WB تحصیل دنیا پور ضلع لودھراں، پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔درخواست کے مطابق، ملزم ارسلان عاشق نے اس کی تصاویر کو ایڈٹ کر کے “ڈیپ فیک” ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرتے ہوئے نازیبا اور نیوڈ (غیر اخلاقی) ویڈیوز تیار کیں۔ ان ویڈیوز میں چہرہ مستغیثہ کا جبکہ دھڑ کسی اور کا استعمال کیا گیا ہے۔ ملزم ارسلان عاشق نے ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں اور مستغیثہ کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔درخواست گزار نے الزام لگایا ہے کہ ملزم ارسلان عاشق نے یہ نازیبا ویڈیوز مستغیثہ کے رشتہ داروں کو بھی بھیج دیں، جس سے ان کی شدید بدنامی ہوئی اور خاندان میں اختلافات پیدا ہو گئے۔ ملزم نے دھمکیاں دیں کہ اگر انہوں نے اس کی غیر اخلاقی باتیں نہ مانیں تو وہ ان کے پورے خاندان کو رسوا کر دے گا۔ دیگر نامزد ملزموں پر بھی اس گروہ کا حصہ ہونے اور بلیک میلنگ میں ملوث ہونے کا شک ظاہر کیا گیا ہے۔متاثرہ خاتون نے درخواست میں مزید لکھا ہے کہ اس واقعے سے انہیں اور ان کے خاندان کو شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بدنامی کے خوف سے انہوں نے اسٹیج ایکٹنگ کا کام بھی چھوڑ دیا ہے، جس سے ان کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے سے درخواست کی ہے کہ نامزد ملزموں کو جلد از جلد ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے، تمام قابلِ اعتراض مواد انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کروایا جائے، ارسلان عاشق کے موبائل کا فارنزک آڈٹ کروایا جائے، اور انہیں انصاف دلایا جائے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے درخواست وصول کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔







